مملکت میں گرمی کی شدید لہر بدھ سے شروع ہوگی
منگل کو زیادہ درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ مکہ اور مدینہ میں ہوگا (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز نے منگل یکم جون کو مملکت میں موسمی تبدیلیوں سے متعلق پیشگوئی جاری کی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق قومی مرکز کا کہنا ہے کہ منگل کو جازان، عسیر، باحہ کے بالائی علاقوں اور مملکت کے شمالی اور وسطی علاقوں کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ زیادہ تر وقت دھوپ نکلی رہے گی۔
قومی مرکز کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور حائل کے کئی علاقوں پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مشرقی ریجن اور ریاض ریجن کے جنوبی علاقوں میں تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
مملکت میں سب سے زیادہ درجہ حرارت 45 سینٹی گریڈ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں ہوگا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت 14 سینٹی گریڈ السودۃ میں متوقع ہے۔
علاوہ ازیں ماہر موسمیات عبدالعزیز الحصینی نے کہا ہے کہ بدھ کو سعودی عرب کے پانچ علاقے گرمی کی زبردست لہر سے متاثر ہوں گے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الحصینی نے ٹوئٹر کے سرکاری اکاؤنٹ پر لکھا کہ گرمی کی شدید لہر بدھ کو شروع ہوگی۔ سب سے زیادہ متاثر الشرقیہ ریجن کا شمالی علاقہ، الربع الخالی، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ ریجنوں کے بعض مقامات، کویت اور عراق کا جنوب مشرقی علاقہ ہوں گے۔
درجہ حرارت 45 سے 49 سینٹی گریڈ تک ہوگا۔ انعلاقوں کے بعد ریاض اور قصیم بھی گرمی کی شدید لہر سے متاثر ہوں گے جہاں 44 سے 46 کے درمیان درجہ حرارت ہوگا۔