ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ کورونا ٹیسٹنگ کا بہترین متبادل ہے، دبئی ائیرپورٹ چیف
ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ کورونا ٹیسٹنگ کا بہترین متبادل ہے، دبئی ائیرپورٹ چیف
جمعرات 3 جون 2021 12:09
پال گریفتھس کا کہنا ہے ویکسین پاسپورٹ کے ذریعے تمام مسافر بغیر پریشانی کے سفر کر سکتے ہیں۔ (فوٹو گلف نیوز)
دبئی ایئرپورٹ کے چیف پال گریفتھس نے کہا ہے کہ ویکسین پاسپورٹ ٹریول کوریڈورز کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے ایک طویل مدتی حل ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایئرپورٹ چیف نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعہ تمام مسافر ایئرپورٹ پر بغیر کسی پریشانی کے سفر کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔
پال گریفتھس نے کہا کہ کورونا ٹیسٹ بھی ایک مثبت ذریعہ ہے لیکن اس کے لیے ایئرپورٹ پہنچنے والوں کے بڑے پیمانے پر ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کی ضرورت پڑتی ہے۔
’ویکسین پاسپورٹ کے نظام کے بعد کسی مسافر کے کورونا کے ذاتی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں رہے گی جس سے یہ ڈیجیٹل نظام زیادہ موثر ثابت ہوگا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگر ہم اس ذاتی نقل و حمل کی جانب جانا چاہتے ہیں جسے ہم نے گذشتہ ایک سال سے زائد عرصے سے چھوڑا ہوا ہے تو میرے خیال میں ویکسین پاسپورٹ اس طرف جانے کا واحد راستہ ہے۔‘
ائیرپورٹ چیف نے فضائی سفر کی واپسی کے ساتھ ہی بہت زیادہ مسافروں کی پیشن گوئی کی ہے کیونکہ ’گذشتہ سال کے دوران چار ارب مسافر فضائی لاک ڈاون کے بعد اب سفر کرنے کے لیے بے چین ہیں۔‘
دریں اثنا متحدہ عرب امارات نے حال ہی میں اٹلی کے ساتھ سفری راہداری کا معاہدہ کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین فضائی سفر کی اجازت دی جا سکے۔
واضح رہے کہ سنہ 2019 میں 22 لاکھ سے زیادہ مسافروں نے اس ائیرپورٹ سے ٹرانزٹ اور براہ راست سفر کیا۔
پال گریفتھس نے توقع ظاہر کی ہے کہ متحدہ عرب امارات یورپی یونین اور امریکہ کے ساتھ مل کر قرنطینہ کے بغیر ٹریول کوریڈورز کو مزید محفوظ بنائے گا تاکہ مسافروں کو سفری آسانیوں میں مدد مل سکے۔