ہواوے کا 2025 تک ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیاں بنانے کا اعلان
ہواوے کمپنی نے الیکٹرک گاڑیاں بھی بنانا شروع کر دی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے ڈرائیور کے بغیر چلنے والی خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی سنہ 2025 تک متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہواوے کمپنی کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ سنہ 2025 تک ڈرائیور کے بغیر چلنے والی خودکار گاڑیوں کی ٹیکنالوجی تیار کرنے کا ارادہ ہے۔
ہواوے ٹیلی کمیونی کیشن کا سامان تیار کرنے والی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہے۔ امریکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کے باوجود ہواوے کمپنی دیگر ٹیکنالوجی شعبوں میں بھی اپنا کاروبار بڑھا رہی ہے۔
ہواوے کمپنی میں سمارٹ وہیکل یونٹ کے اعلیٰ عہدیدار وانگ جن نے انڈسٹری کانفرنس کو بتایا کہ ’ان کی ٹیم کا ہدف ہے کہ سنہ 2025 تک ڈرائیور کے بغیر چلنے والی خودکار گاڑیاں بنا لی جائیں۔‘
چین کی انٹرنیٹ کمپنی ’بائے ڈو انک‘ جیسی درجنوں کے حساب سے ٹیکنالوجی اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیاں ڈرائیور کے بغیر چلنے والی گاڑیوں کی ٹیکنالوجی پر تیزی سے کام کر رہی ہیں۔
ان خودکار گاڑیوں کے مارکیٹ میں آنے سے ٹرانسپورٹ کی صنعت میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ہواوے کمپنی کے عالمی سمارٹ فون کاروبار پر امریکی پابندیوں کے بعد دنیا کی اس سب سے بڑی ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی نے الیکٹرک گاڑیاں بھی بنانا شروع کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہواوے کمپنی کو امریکہ کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا تھا۔ تاہم ہواوے کمپنی امریکہ کی جانب سے لگائے گئے الزامات کی تردید کرتی آئی ہے۔