ویکسین لگوانے کے لیے 40 کلو میٹر اونٹنی پر سفر
صبح تین بجے ویکسین سینٹر کے لیے نکلا تھا اور 8 بجے پہنچ گیا (فوٹو الیوم)
سعودی عرب میں مقیم سوڈانی شہری نے کورونا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے لیے چالیس کلو میٹر کا سفر اونٹ سواری کے ذریعے طے کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق سوڈانی شہری النور النایر نے بتایا کہ وہ مشرقی ریجن کے ایک قریے میں چرواہے کے طور پر کام کرتا ہے۔ ویکسین سینٹر قریہ العلیا کمشنری میں واقع ہے جو اس کی رہائش سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
سوڈانی شہری نے بتایا کہ اسے یہ جان کر خوشی ہوئی کہ سعودی حکومت مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی صحت و سلامتی کی خاطر کورونا ویکسین مفت فراہم کررہی ہے تاہم اس کے لیے بکنگ کرانا پڑتی ہے۔
بکنگ کرالی تھی تاہم مجبوری یہ تھی کہ گاڑی کی سہولت مہیا نہیں تھی اس لیے مجبورا اونٹنی کی سواری کا سہارا لینا پڑا۔ صبح تین بجے جنگل سے ویکسین سینٹر کے لیے نکلا تھا اور 8 بجے پہنچ گیا وہاں سب لوگوں نے خیر مقدم کیا۔
سوڈانی نے بتایا کہ واپسی میں ایک درخت کے نیچے آرام کیا اور پھر اپنی رہائش پہنچ گیا۔ ویکسین کی دوسری خوراک بھی اسی طرح لگوانے کا ارادہ ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ خواندہ نہیں ہے تاہم مملکت میں 14 برس سے مقیم ہے اس وجہ سے اسے یہاں کے راستے معلوم ہیں۔