سعودی عرب جانے والے 18 سال سے زائد مردوں کو ایسٹرا زینیکا لگانے کا فیصلہ
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ اگر کسی علاقے میں ایسٹرازینیکا دستیاب نہیں تو لوگ بڑے شہروں سے ویکسین لگوائیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جانے والے 18 سال سے زائد کے مردوں کو ایسٹرازینیکا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آج اس حوالے سے باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔
منگل کو نجی چینل جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب نے ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے لہٰذا سعودی عرب مزدوری کے لیے جانے والے افراد اب ایسٹرازینیکا ویکسین لگوا سکیں گے۔‘
جب ان سے پوچھا گیا کہ سعودی جانے والے اپنا اقامہ یا کوئی اور متعلقہ کاغذات دکھا کر ویکیسن لگوا سکیں گے؟ اس کے جواب میں ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا کہ 40 سال سے کم عمر افراد کے لیے جو پابندی تھی وہ ختم کر دی گئی ہے اور ان کے لیے ایسٹرا زینیکا ویکسین لگوانا ممکن ہو گیا ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’اگر کسی علاقے میں ایسٹرازینیکا دستیاب نہیں تو لوگ بڑے شہروں سے ویکسین لگوائیں۔‘
ڈاکٹر فیصل سلطان کا مزید کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت اپنی منظور شدہ ویکسین دنیا میں تسلیم کرانے کو یقینی بنائے، عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ ویکسین کے حوالے سے سعودی عرب سے گفتگو جاری ہے۔ سائنوویک اور سائنو فام سعودی عرب کی منظورشدہ ویکسین کی فہرست میں شامل نہیں۔
خیال رہے کہ گذشہ روز حکومت پاکستان نے ایک بار پھر ویکسینیشن کے حوالے سے اپنی پالیسی تبدیل کرتے ہوئے ایسٹرازینیکا ویکسین 40 سال سے کم عمر افراد کو بھی لگانے کی اجازت دے دی ہے جبکہ فائزر ویکسین صرف کمزور قوت مدافعت رکھنے والے اور موذی بیماری میں مبتلا فراد کو لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔