Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ترک سیاحتی آپریٹرز سیاحوں کی واپسی کا خیرمقدم کرنے کے منتظر

ترکی، تعطیلات گزارنے کے لیے روسی سیاحوں کی پسندیدہ منزل ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
روس منگل سے ترکی کے ساتھ ایئر ٹریفک دوبارہ بحال کر رہا ہے جبکہ ترک سیاحتی آپریٹرزایک  لمبے عرصے بعد سیاحوں کی واپسی کا خیرمقدم کرنے کے منتظر ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق فضائی ٹریفک دوبارہ شروع کرنے کافیصلہ حفاظتی اقدامات کا جائزہ لینے والے وفد کی جانب سے ترکی کے دورے کے بعد کیا گیا۔
 روس نے سنگین وبائی صورتحال کی وجہ سے21 جون تک اپنے سیاحوں کو ترکی جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

افریقی سیاح جو پیکیج لیتا ہے وہ 5 یورپی سیاحوں کے پیکیج کے مترادف ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)

ترکی، تعطیلات گزارنے کے حوالے سے روسی سیاحوں کی پسندیدہ منزل ہے۔ 2019 میں7 ملین سے زیادہ روسی سیاحوں نے ترکی کا دورہ کیاتھا تاہم 2020 میں کورونا کی وبا کے باعث یہ تعداد 2.7 ملین رہ گئی تھی۔
روس کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کا ترک سیاحتی آپریٹرز نے خیرمقدم کیا ہے۔ ترکی میں حال ہی میں ہزاروں سہولتوں، ریستورانز، کیفے نیز ٹور اور ٹرانسفر گاڑیوں کو ایک سرکاری پروگرام کے ذریعے محفوظ سیاحت کا سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیا گیا ہے۔
ترک سیاحتی آپریٹرز اور صنعت کے نمائندے حکام پر زور دے رہے ہیں کہ وہ ترکی آنے والے روسیوں کے بارے میں سخت اقدامات کا اطلاق کریں کیونکہ روس میں حالیہ دنوں کے دوران کورونا کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ 

2019 میں 7 ملین سے زیادہ روسی سیاحوں نے ترکی کا دورہ کیا۔ (فوٹو عرب نیوز)

بحیرہ روم کے ریزورٹ فیتھئی  میں وائی ٹی ایم ٹورزم ولا اپارٹس کے شریک بانی  گوکسل گنگور نے کہا کہ محفوظ سیاحت کے معیار کو پورا کرنے کے لئے ان کے تمام عملے کو مکمل طور پرویکسین لگائی گئی ہے ۔ ان کے پاس ضروری سرٹیفکیٹس موجود ہیں۔
گنگور نے کہا ہےکہ اب تک یہاں صرف یوکرینی شہری ہی آئے ہیں لیکن اس خطے میں روسیوں کو ان کی زیادہ قوت خرید کے باعث ترجیح دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترک لیرا کی قدر میں کمی کے باعث بھی روسیوں کو گذشتہ برسوں کے مقابلے میں امسال آسانی سے رقم خرچ کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
جرمنی نے حال ہی میں ترکی کو زیادہ خطرے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے لیکن برطانیہ نے اب بھی ترکی کو سفرکے لئے ریڈ لائن میں رکھا ہوا ہے۔
ورلڈ ٹورزم فورم انسٹی ٹیوٹ کے صدر بلت بگسی نے توقع ظاہر کی ہے کہ تمام یورپی ممالک جولائی کے آخر تک ترکی کے سفر کیلئے اپنے شہریوں پر عائد پابندی ختم کردیں گے۔

جرمنی نے ترکی کو زیادہ خطرے والے ممالک کی فہرست سے نکال دیا ہے۔(فوٹو عرب نیوز)

اس موسم گرما میں روسی سیاح ترکی کے شہرت یافتہ کپاڈوسیا اور جنوب مشرقی صوبہ مردین کا دورہ کریں گے۔مردین کی سیاحت کے پیکیج روسی مارکیٹ میں فروخت ہورہے ہیں۔
 بگسی کا خیال ہے کہ ترکی کو اپنی سیاحتی شبیہ کو  اجاگر کرنے نیز اسلامی دنیا اور افریقی خطے کے سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک افریقی سیاح جو پیکیج خریدتا ہے وہ پانچ روسی یا یورپی سیاحوں کے پیکیج کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ روسی حکام نے بیک وقت امریکہ ، قبرص ، اٹلی ، مقدونیہ ، بیلجیم ، بلغاریہ ، اردن اور آئرلینڈ کے لئے پروازوں پرعائد  پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شیئر: