تاخیر پر 500 ریال جرمانہ عائد کیاجائے گا ، ھویہ المقیم کارڈ کسی شخص یا ادارے میں ضمانت کے طور پر جمع نہیں کروایا جاسکتا ، جوازات کا انتباہ
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ڈائریکٹریٹ جنرل آف پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے مملکت میں مقیم تارکین کو انتباہ دیا ہے کہ اقاموں کے تجدید بروقت کروالیں بصورت دیگر 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔جوازات کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تارکین وطن کے لئے جاری کیا جانے والے ہویہ المقیم کی میعاد 5 برس ہوتی ہے تاہم سسٹم میں اس کی تجدید ہر برس کی جاتی ہے جو تارکین اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مملکت میں مقیم ہیں انہیں چاہئے کہ وہ ہویہ المقیم ( اقامہ( کی تجدید وقت مقررہ سے کم از کم 3 دن قبل کروا لیں بصورت دیگر قانون کے مطابق 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا ۔ مملکت میں مقیم تارکین کو ابشر سسٹم کی سہولت فراہم کی گئی ہے جس کے ذریعے وہ اپنے اہل خانہ کے ہویہ مقیم جس کی میعاد 5 برس ہو تی ہے کی تجدید سسٹم کے ذریعے باسانی کروا سکتے ہیں ۔ ڈیجیٹل سسٹم کی وجہ سے ہر شخص گھربیٹھے اپنے سسٹم کے ذریعے اہل خانہ کے اقامو ںکی تجدید بروقت کرسکتا ہے ۔ اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر جوازات کی جانب سے " ابشر " کے علاوہ " مقیم " اور " یقین " سسٹم کے ذریعے اپنے اہل خانہ کے اقاموں کی تجدید کروا سکتے ہیں ۔ علاوہ ازیں جوازات کی ایپلی کیشن اپنے اسمارٹ فون پر انسٹال کر کے ان سے مستفیض ہوسکتے ہیں ۔ ڈیجیٹل سسٹم سے لوگوں کو کافی سہولت ہو رہی ہے جس سے جہاںانہیں وقت کی بچت ہوتی ہے وہاں وہ بروقت مصدقہ معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں ۔ ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے صارفین کو ان کے اقامو ں کی میعاد کے بارے میں بروقت مطلع کردیاجاتا ہے جس سے اقاموں کی میعاد ختم ہونے سے قبل از وقت مطلع کر دیا جاتا ہے ۔ جوازات کی جانب سے تارکین کو مزید کہا گیا ہے کہ ہویہ مقیم مملکت میں آپکی شناخت ہے اسے کسی کے حوالے نہ کریں اور نہ ہی ہویہ کا کارڈ کسی کو ضمانت کے طور پردیں ۔ اقامہ کارڈ آپکی شناخت ہے اسے ہمیشہ اپنے ہمراہ رکھیں ۔