تین علاقوں کی 12 مساجد سینیٹائزنگ کے بعد کھل گئیں
141 دنوں میں 1684 مساجد کی سینیٹائزنگ مکمل کی جاچکی ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت اسلامی امورنے مملکت کے 3 علاقوں کی 12 مساجد کو سینیٹائز کرنے کے بعد نمازیوں کےلیے کھول دیا ہے۔ مساجد میں کورونا کیسز کی تصدیق ہونے پرانہیں عارضی طور پربند کیا گیا تھا۔
ویب نیوز ’عاجل‘ نے وزارت اسلامی امور کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ 141 دنوں میں مجموعی طورپر 1684 مساجد کی سینیٹائزنگ مکمل کی جاچکی ہے۔
گزشتہ روز جن تین علاقوں میں 12 مساجد کو سینیٹائز کیا گیا ان میں ریاض، عسیر اور جازان میں چار، 4 مساجد تھیں جہاں آنے والے بعض نمازیوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے پر مساجد کوسینیٹائز کرنے کے لیے انہیں عارضی طورپر بند کریا گیا تھا۔
وزارت اسلامی امور نے مملکت کے تمام ریجنز میں اسلامی امور و اوقاف کے اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی کورونا کیس کی تصدیق ہونے پر فوری طورپر وزارت کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیا جائے۔
مساجد کی دیکھ بھال کے لیے مخصوص شعبے میں صفائی ستھرائی اور سینیٹائزنگ کا خصوصی یونٹ موجود ہے جو اطلاع ملتے ہی اپنے علاقے کی مسجد کی مکمل سینیٹائزنگ کرتا ہے۔
وزارت اسلامی امور کی جانب سے لوگوں کو مقررہ ضوابط کی پابندی کرنے کی ہدایات بھی وقتا فوقتا کی جاتی ہیں تاکہ کورونا کی وبا کو پھیلنے سے روکا جاسکے ۔
وزارت اسلامی امور کا کہنا ہے کہ کورونا سے بچاو کے لیے مساجد میں آنے والے اپنی جائے نمازیں ہمراہ لائیں جبکہ صفوں کے درمیان فاصلے کے اصول پرعمل جاری رکھیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں