لبنان سے ایک لاکھ نشہ آور گولیاں سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش ناکام
نشہ آور گولیوں کو جراثیم کش سامان میں چھپایا گیا تھا( فائل فوٹو اے پی)
لبنانی حکام نے ایک لاکھ نشہ آور گولیوں کو سعودی عرب سمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔
لبنان کی داخلی سکیورٹی فورسز نے ایک بیان میں کہا کہ نشہ آور گولیوں کو جراثیم کش سامان میں چھپایا گیا تھا جسے سعودی عرب جانا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کارروائی میں حصہ لینے کا اعتراف کرنے والے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
لبنان سے منشیات کی سمگلنگ کے سلسلے میں یہ تازہ ترین واقعہ ہے جس نے لبنان اور سعودی عرب کے تعلقات کو خراب کیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں سنیچر کو لبنان سے 14 ملین سے زیادہ نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنایا گیا تھا۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ اسلامی پورٹ پر سمگلنگ کی کوشش ناکام بنائی گئی۔ آئرن شیٹس کی شپمنٹ میں منشیات چھپائی گئی تھی۔
ایس پی اے کے مطابق لبنانی سمگلروں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
لبنان کے نگراں وزیر داخلہ محمد فہمی نے بتایا کہ یہ گولیاں شام کےشہر لتاکیہ سے اورجنیٹیڈ ہیں اور جعلی یونانی سرٹیفکیٹ کے ساتھ بیروت کے راستے سعودی عرب بھیجی گئیں۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے دو ماہ قبل لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد اور سعودی اراضی سے لبنانی پیداوار لے جانے والے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی عائد کی تھی۔ یہ پابندی انار کے کارٹنوں میں لبنان سے نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کی کوشش ناکام بنانے کے تناظر میں عائد کی گئی تھی۔