Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف تقسیم کشمیر کے ایجنڈے پر الیکشن لڑ رہی ہے: وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر  

فاروق حیدر 49رکنی ایوان میں 38 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے (فوٹو: پی ایم اے جے کے)
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت تقسیم کشمیر پر کار فرما ہے لیکن کشمیری عوام ان کے ایجنڈے کو کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔   
پاکستان کے انتظام کشمیر کے وزیراعظم اپنی کابینہ ارکان کے ہمراہ اسلام آباد میں کشمیر ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیراعظم کشمیر نے مزید کہا کہ’ مودی نے کشمیر کی خود مختاری پر حملہ کیا جبکہ عمران خان نے گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دے کر مسئلہ کشمیر کو نقصان پہنچایا ہے۔‘   
راجہ فاروق حیدر نے الزام عائد کیا کہ’یہ الیکشن ترقیاتی نہیں بلکہ کشمیریوں کی بقا کی جنگ ہے، عمران خان کی حکومت بین الاقوامی دباؤ برداشت کرنے کی اہلیت نہیں رکھتی جبکہ پاکستان کے وزیراعظم کے آفس سے الیکشن میں مداخلت کی جارہی ہے۔‘   
’عمران خان کی حکومت نے کشمیر کا نقشہ تبدیل کر دیا، ریاست جموں و کشمیر کے نقشے تک کو محفوظ نہیں کر سکتے تو عوام کو کیا تحفظ فراہم کریں گے۔ نقشہ تبدیل کرنے سے بڑی زیادتی کیا ہو سکتی ہے۔‘   
راجہ فاوق حیدر نے قومی اسمبلی کے سپیکر کی جانب سے بلائے گئے نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر کی کٹھ پتلی قیادت اور پاکستان کے وزیر خارجہ کا بیانیہ ایک ہے، ہم نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کر کے کشمیری عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں پر ہر گز مہر ثبت نہیں کریں گے۔‘   
وزیراعظم پاکستان عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ’محض جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرنا کافی نہیں تھا۔ عمران خان نے کشمیر کا جھنڈا ہاتھ میں اٹھانا گنوارا تک نہیں کیا، ہمیں اس حکومت پر کوئی اعتماد نہیں ہے، یہ تقسیم کشمیر کے ایجنڈے پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کی انتخبات 25 جولائی کو ہوں گے۔  

راجہ فاروق حیدر نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کشمیر سے متعلق پالیسیوں پر تنقید کی (فوٹو: اردو نیوز)

عام انتخابات سے قبل سیاسی جوڑ توڑ عروج پر ہے۔ وفاق میں حکمراں جماعت تحریک انصاف نے متعدد جماعتوں کے ساتھ اتحاد بھی قائم کر لیا ہے جبکہ متعدد امیدواروں کی تحریک انصاف کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ بھی ہو چکی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے سردار تنویر الیاس کو وزارت عظمی کے لیے بھی مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا ہے۔

شیئر: