کورونا کے ایک ہزار 486 نئے مریض، ایکٹیو کیسز بارہ ہزار سے زیادہ
چار لاکھ 87 ہزار 592 افراد میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں بدھ 30 جون کو کورونا کے ریکارڈ ڈیڑھ ہزار کے قریب نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ایکٹیو کیسز بارہ ہزار سے زیادہ ہوگئے۔
بدھ کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک ہزار 486 نئے مریض سامنے آئے جبکہ ایک ہزار 55 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔‘
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 15 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر سات ہزار 804 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے ایکٹیو کیسز کی تعداد 12 ہزار 140 ہو گئی ہے، جن میں سے ایک ہزار 406 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض شرقیہ ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 360 ہے جبکہ مکہ ریجن میں 317 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
ریاض ریجن میں 261، عسیر ریجن میں 196، جازان ریجن میں 91، مدینہ ریجن میں 67، نجران ریجن میں 36، الباحہ ریجن میں 36، القصیم ریجن میں 35، حائل ریجن میں 32، تبوک ریجن میں 28، الحدود الشمالیہ میں 19 جبکہ الجوف ریجن میں 8 مریض سامنے آئے ہیں۔
اب تک چار لاکھ 87 ہزار 592 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے چار لاکھ 67 ہزار 633 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘