طائف: بلدیہ کا غیر قانونی ورکشاپس کےخلاف کریک ڈاؤن
طائف: بلدیہ کا غیر قانونی ورکشاپس کےخلاف کریک ڈاؤن
جمعہ 2 جولائی 2021 5:14
بعض ورکشاپس بغیر لائسنس قائم کی گئی تھیں(فوٹو، عاجل نیوز)
طائف میونسپلٹی نے صنعتی علاقے میں خلاف قانون ورکشاپ سیل کردیے- میونسپلٹی کے افسران نے میئر ڈاکٹر احمد القثامی کی ہدایت پر تفتیشی چھاپے مارے تھے-
عاجل ویب سائٹ کے مطابق میونسپلٹی کے انسپکٹرز نے ایسے تمام ورکشاپ سیل کردیے جو بار بار خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے تھے- ورکشاپ سے باہر کام پھیلائے ہوئے تھے جبکہ ورکشاپوں کو قابل قبول شکل میں نظر آنے کے لیے مقررہ ضوابط کی پابندی نہیں کررہے تھے-
بعض ورکشاپ ایسے بھی تھے جو لائسنس کے بغیر کام کررہے تھے-
میونسپلٹی کا کہنا ہے کہ آئندہ بھی تفتیشی مہم جاری رہے گی- کثیر المقاصد تفتیشی مہم کے تحت کورونا ایس او پیز کی پابندی کرائی جارہی ہے- علاوہ ازیں صنعتی سرگرمیوں سے متعلق بلدیاتی کونسلوں کے مقرر کردہ قواعد و ضوابط کی پابندی بھی اس کا اہم مقصد ہے-
ڈاکٹر القثامی کا کہنا ہے کہ ورکشاپوں کے مالکان کو بار بار تحریری طور پر تنبیہ کی جاچکی ہے کہ وہ اپنے یہاں کام کا ماحول بہتر بنائیں-
ورکشاپس کا اندرونی و بیرونی منظر اچھا رکھیں- گاڑیاں مناسب طریقے سے لگائی جائیں- ورکشاپ کے باہر اصلاح و مرمت کا کام نہ پھیلایا جائے-
یاد رہے کہ طائف میونسپلٹی نے صنعتی علاقے میں پرانی بے کار کھڑی گاڑیوں اور گاڑیوں کے ڈھانچوں کو ہٹا دیا تھا- ورکشاپس کے مالکان کو تاکید کی گئی تھی کہ وہ آئندہ بے کار گاڑیاں ورکشاپس کے اطراف میں جمع نہ کریں- تنبیہ کی گئی تھی کہ خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی ہوگی-