Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیلٹا ویریئنٹ کے لیے تمام ویکسین موثر ہیں: وزارت صحت

تبدیل شدہ وائرس کی علامتیں وہی ہیں جو عام وائرس کی ہوتی ہیں(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’عام وائرس کے مقابلے میں کورونا وائرس کی تبدیل شدہ قسم ڈیلٹا ویریئنٹ زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے‘۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے کہا کہ ’تبدیل شدہ وائرس کی علامتیں وہی ہیں جو عام وائرس کی ہوتی ہیں دونوں میں کوئی فرق نہیں ہے‘۔ 
مختلف ممالک میں میڈیکل ریسرچ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ’تبدیل  شدہ ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلنے کی رفتار تیز ہے البتہ تمام تبدیل شدہ وائرس کو کنٹرول کرنے کےلیے منظور شدہ ویکسینیں موثر ہیں‘۔
ترجمان سے پوچھا گیا کہ ’جو عازمین حج دس روز قبل دوسری خوراک حاصل کریں گےان کا مدافعتی نظام مضبوط ہوجائے گا‘؟ 
العبد العالی نے بتایا کہ ’زمینی حقیقت یہ ہے کہ پہلی خوراک کے دو ہفتے بعد مدافعتی نظام کی تشکیل شروع ہوتی ہے۔ جہاں تک دوسری خوراک کا تعلق ہے تو وہ پہلی خوراک سے تشکیل پانے والے مدافعتی نظام کو مضبوط بناتی ہے‘۔
’دوسری خوراک کے دو ہفتے بعد مدافعتی نظام نکتہ عروج کو پہنچ جاتا ہے۔ دس روز بعد مدافعتی نظام کا معیار بہتر ہوجاتا ہے‘۔
علاوہ ازیں وزارت صحت نے کہا ہے کہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 83 لاکھ 77 ہزار 680 خوراکیں مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو دی گئی ہیں۔
  وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کی پہلی خوراک 16.64 ملین دی گئی ہیں جبکہ دوسری خوراک 1.73 ملین دی جاچکی ہے۔ بزروں کو 1.36 ملین خوراکیں دی گئی ہیں۔ 
 گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو مزید ایک لاکھ 20 ہزار سے زیادہ خوراکیں دی گئی ہیں۔ 

شیئر: