Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل کےلیے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری

اقوام متحدہ کی امن اکیڈمی یونیورسٹی کی طرف سے ڈگری دی گئی ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)
اقوام متحدہ نے رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر محمد العیسی کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دی ہے۔ 
تقریب جنیوا کی  پیس یونیورسٹی میں منعقد ہوئی۔ یہ ڈگری اقوام متحدہ کی امن اکیڈمی یونیورسٹی کی طرف سے دی گئی ہے۔  
اخبار 24 کے مطابق اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل، یورپی پارلیمنٹ کے ارکان، منتخب دانشور اور سیاست دان تقریب میں شریک ہوئے۔
ڈاکٹر محمد العیسی کو انسداد نفرت مہم میں موثر حصہ لینے، اقوام عالم کے درمیان تعاون اور دوستی کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سفارتکاری کو عروج دینے کے سلسلے میں گراں قدر خدمات انجام دینے پر پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈاکٹر العیسی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ ’ اس اعزاز کے لیے شکر گزار ہوں۔ اس سے قیام امن کے لیے مزید جدوجہد جاری رکھنے کا حوصلہ ملا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ عالمی امن کے لیے کوشاں معتبر یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز اہمیت رکھتا ہے۔ یہ یونیورسٹی قیام امن کے حوالے سے بڑا کام کررہی ہے‘۔  
اقوام متحدہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ’ ڈاکٹر العیسی کو بڑی قدرو منزلت کی نگاہ سے دیکھا جارہا ہے۔ وہ اعتدال پسندی کے حوالے سے بین الاقوامی رہنما شخصیت کے مالک ہیں‘۔

رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری اعتدال پسندی کی عالمی آواز بن گئے ہیں۔(فوٹو ٹوئٹر)

’اعتدال پسندی اور پرامن بقائے باہم کے حوالے سے اسلام کے پیغام کو دنیا بھر میں پہنچانے کے لیے ٹھوس جدوجہد کررہے ہیں اور مسلم اقلیتوں میں بھی آگہی مہم چلا رہے ہیں‘۔  
اقوام متحدہ کی  یونیورسٹی کے سربراہ نے کہا کہ ’ ڈاکٹر محمد العیسی کے لیے پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری یونیورسٹی کے باعث فخر ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری معتبر عالمی شخصیت ہیں اور وہ اعتدال پسندی کی عالمی آواز بن گئے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ افہام و تفہیم، باہمی تعاون، ہمدردی کے حوالے سے مذہبی اقدار کی بابت پوری دنیا میں آگہی مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے اقوام ، مذاہب اور معاشروں کے درمیان نئی شراکتوں کی داغ بیل ڈالی ہے‘۔ 

شیئر: