Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی قونصل جنرل کا مکہ چیمبر کا دورہ، تجارتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت

ملاقات میں دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے آغاز کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: جدہ قونصل خانہ)
جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید نے کمرشل سیکشن کی ٹیم اور دیگر سینیئر حکام کے ہمراہ مکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔
منگل کے روز کیے گئے دورے کے دوران پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید اور ان کے وفد نے مکہ چیمبر کے چیئرمین ہشام محمد کاکی اور چیمبر کے دیگر سینیئر عہدے داروں سے ملاقات کی۔
قونصل جنرل نے رواں برس ستمبر میں مکہ چیمبر میں منعقد ہونے والی دو ہفتے کی نمائش کے لیے پاکستان کو منتخب کرنے پر چیئرمین چیمبر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔

 

خالد مجید نے مکہ چیمبر کے عہدے داروں کو بتایا کہ ’پاکستانی کمپنیاں اس نمائش میں حصہ لینے کے لیے پرجوش ہیں اور سمجھتی ہیں کہ اس ایونٹ سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ تجارتی اور کاروباری تعلقات کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔‘
قونصل جنرل نے مکہ چیمبر کے چیئرمین کو بتایا کہ ’انہوں نے متعلقہ پاکستانی کمپنیوں سے نمائش کے لیے پہلے ہی سیمپلز اور بروشرز بھجوانے کی درخواست کر دی ہے۔‘
ملاقات میں پاکستانی قونصل جنرل اور چیمبر کے چیئرمین نے تجارت کے فروغ کی مشترکہ سرگرمیاں شروع کرنے اور دونوں ممالک کی کمپنیوں کے درمیان مشترکہ منصوبوں کے آغاز کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔   

شیئر: