دلہن رخصتی کے دن زندگی کی بازی ہار گئی
ہفتہ 10 جولائی 2021 19:18
رخصتی سے کچھ دیر قبل دلہن بے ہوش ہوکر گر گئی تھیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
مصر کے الشرقیہ صوبے میں دلہن رخصتی کے دن زندگی کی بازی ہار گئیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق مصر کےھھیا شہر میں رخصتی سے چند گھنٹے قبل دلہن کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی۔ انہیں الزقازیق تعلیمی ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ چل بسیں۔
اس خبر کی اطلاع پر شہر بھر میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ دلہن خلود غیاتی کے کفن پر شادی کا جوڑا رکھ کر دفنا دیا گیا۔ چند گھنٹے قبل جو خاندان شادی کی مبارک باد وصول کررہا تھا اب وہاں تعزیت کے لیے لوگ جمع ہیں۔
دلہن کی ایک رشتہ دار دعا محمد نے بتایا کہ’ خلود غیاتی کا سارا فرنیچر دلہا کے گھر بھیج دیا گیا تھا۔‘
’خلود غیاتی چھ روز قبل ہی اپنی ایک سہیلی کی شادی میں شریک ہوئی تھیں اور بے حد خوش تھیں۔‘
دعا محمد نے بتایا کہ ’رخصتی سے کچھ دیر قبل دلہن بے ہوش ہوکر گر گئی تھیں، انہیں فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں کی تمام ترکوشش کے باوجود انہیں بچایا نہ جاسکا۔‘