اردن کے سابق مشیر کو 'بغاوت کی سازش' میں 15 سال قید
اردن کے سابق مشیر کو 'بغاوت کی سازش' میں 15 سال قید
پیر 12 جولائی 2021 12:14
اردن کی حکومت کے خلاف مبینہ سازش کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ (فوٹو اے پی)
اردن کی ریاستی عدالت نے پیر کو شاہی عدالت کے سابق مشیر اور شاہی خاندان کے ایک فرد کو 15 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سابق مشیر نے ملک کو غیر مستحکم کرنے اور شاہی حکومت کو نقصان پہنچانے کی سازش کرنے کے قصور وار ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
امریکی شہری اور شاہ اردن کے سابقہ معاون باسم عوداللہ اور شاہی خاندان کے رکن شریف حسن بن زید کو اپریل میں شاہ کے سوتیلے بھائی اور سابقہ شہزادہ حمزہ کو حکومت کے خلاف مبینہ سازش میں شامل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت میں ان دونوں پر مقدمہ چل رہا تھا۔
پیر کے روز اردن کی ریاستی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ مدعا علیہان کا بغاوت کے مقدمے سےگہرا تعلق ہے اور ان کے مقاصد ریاست مخالف اور شاہ مخالف تھے۔
اردن کی ریاستی عدالت نے کہا ہے کہ پہلے مدعا علیہ باسم عوداللہ نے اردن کے بادشاہ کے خلاف سازش رچی تھی اور یہ کہ دونوں مدعا علیہان نے انتشار پھیلاتے ہوئے اپنے ریاست مخالف نظریات کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی تھی۔