مون سون کی پہلی بارش ۔۔۔ کوئی لطف اندوز ہو رہا ہے تو کوئی پریشان
بارشوں کی وجہ سے شہروں کی سڑکوں پر پانی جمع ہوا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں گذشتہ چند ہفتوں سے شدید گرمی کی لہر کا زور ملک کے مختلف شہروں میں پیر کے روز ہونے والی بارش کے باعث ٹوٹ چکا ہے۔
موسم کی بدلتی صورت حال پر شہری گھروں سے باہر نکل کر موسم سے لطف اندوز تو ہو رہے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر صارفین نکاسی آب سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر بھی شیئر کر رہے ہیں۔
مون سون کی بارشوں میں کراچی کے مسائل کی نشان دہی کرتے ہوئے صارف زین لکھتے ہیں کہ ’یا تو ہمارے پاس بجلی ہوگی یا بارش۔ ہمارے پاس ان دونوں سے لطف اندوز ہونے کی آسائش موجود نہیں۔‘
نمرہ نامی صارف نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’بارش کے بعد کراچی کی صورتحال‘
صارف فیضان احمد جٹ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’پاکستانی حکمرانوں کی درختوں سے نفرت اور کنکریٹ سے محبت نے بارشوں کو ناپید کر دیا، سینٹرل پنجاب میں بہت ہی کم بارشیں ہوتی ہیں، حالانکہ یہ سب سے خوبصورت موسم ہے، نیند سے اٹھ کر بارش دیکھنا سبھی کو اچھا لگتا ہے۔ آج مون سون کا آغاز ہو گیا ہے۔‘
صارف حامد کراچی میں ہونے والی بارش کے منظر کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’ کراچی والے مون سون کی بارشوں کے پہلے سپیل سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔‘
بارشوں میں موسم خوش گوار تو ہو جاتا ہے لیکن کچھ مسائل بھی سر اٹھا لیتے ہیں۔
صارف محمد عثمان بارشوں کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’پورے پاکستان میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، بارش سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹا ہے وہیں کچھ لاچار لوگوں کی پریشانیاں بھی بڑھ گئی ہیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے فصلیں برباد ہو گئی ہیں، مسلسل تیز بارش سے کچھ لوگوں کی چھتیں بھی ٹپکنے لگ گئی ہیں۔‘
اس سے قبل بھی بارش کے بعد پاکستان کے مختلف شہروں میں نکاسی آب کے مسائل سامنے آئے ہیں اور زیادہ بارشیں ہونے کی وجہ سے گلیوں اور سڑکوں پر کھڑا پانی شہروں کے لیے مشکل کا سبب بنتا رہا ہے۔