Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم کی ہار، ’مصباح اور وقار ٹیم کو پاکستان سٹیل ملز بنا کر ہی دم لیں گے‘

انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ نے تیسرے اور آخری ایک روزہ میچ میں پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین صفر سے جیت لی۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم 158 رنز بنا کر دوبارہ فارم میں واپس آئے لیکن جیت اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے اور انگلینڈ نے پاکستان کو 3 ایک روزہ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا۔
پاکستان کا سیریز ہار جانے پر شائقین کرکٹ نے شدید غصے کا اظہار کیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر جہاں کھلاڑیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں کرکٹ انتظامیہ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا صارفین کا کہنا تھا کہ ٹیم میمنجمنٹ کے فیصلوں کا نتیجہ ہے کہ آج یہ شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ کوچ وقار یونس اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کو بھی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
سیریز میں شکست کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارف شہریار اعوان لکھتے ہیں کہ ’اگر ہمارے چیف سلیکٹر سب کو خوش کرنے کی پالیسی سے ہٹ کر سلیکشن کریں گے تو یقيناً پرفارمنس میں بہتری آٸے گی۔‘
کھلاڑیوں کی خراب کار گردگی اور کرکٹ ٹیم کی مجموعی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹوئٹر ہینڈل فیشنزی نے لکھا کہ ’اقربا پروری، متعصبانہ رویے، پیسے کی ہوس! سب مل کر پاکستان کی کرکٹ کو کھا گئے۔‘
پاکستان کی سیریز میں شکست پر بحث آگے بڑھی تو صارفین جہاں کھلاڑیوں کی انفرادی اور اجتماعی کارگردگی پر بحث کرتے دیکھائی دیے وہیں کچھ صارفین کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا مداح ہونا بہت مشکل کام لگا۔ اسی حوالے سے ہینڈل عجیب ٹویٹس نے لکھا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا فین ہونا بچوں کا کھیل نہیں ہے، جگرا چاہیے جگرا۔
سوشل میڈیا صارف سعدیہ خان نے مینجمنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’مصباح اور وقار پاکستان کرکٹ ٹیم کو پاکستان اسٹیل ملز بنا کر ہی دم لیں گے۔‘
شکست کا زمہ دار ٹیم مینجمنٹ کو قرار دیتے ہوئے صارفین نے ٹیم مینجمنٹ سے مستعفی ہونے کا بھی مطالبہ کیا۔
ٹوئٹر ہینڈل رانا فدا حسین چوہان نے لکھا کہ ’پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں ایک اور خفت، تاریخی وائٹ واش حاصل کرنے پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں پاکستان کرکٹ ٹیم ،بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے مل کر یہ سنگ میل عبور کیا لہذا اگر ذرا سی غیرت اور احساس زمہ داری ہے تو فوری استعفیٰ دیں۔‘
تیسرے ون ڈے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے انگلینڈ کے خلاف اپنے کیریئر کی 14ویں سنچری بنائی تھی۔ 

شیئر: