Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کا فیصلہ واپس: ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق لازمی نہیں

اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے پاکستانیوں کے لیے امارات کے سفر کے لیے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی دفتر خارجہ و سفارتخانے سے لازمی تصدیق کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ 
متحدہ عرب امارات نے یکم اگست سے پاکستان سے سفر کرنے والوں کے لیے پاکستانی وزارت خارجہ اور اماراتی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی ساتھ لانے کی شرط عائد کر دی تھی تاہم جمعرات کو ٹوئٹر پر جاری بیان میں سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا تھا ’متحدہ عرب امارات کا سفارت خانہ  واضح کرنا چاہتا ہے کہ کوویڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ فی الحال متحدہ عرب امارات کے سفر کے لیے ضروری نہیں ہے۔‘
قبل ازیں متحدہ عرب امارات نے یکم اگست سے پاکستان سے سفر کرنے والوں کے لیے پاکستانی وزارت خارجہ اور اماراتی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی ساتھ لانے کی شرط عائد کر دی تھی۔
اس حوالے سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے وزارت خارجہ کو ایک خط کے ذریعے اماراتی حکومت کے فیصلے سے آگاہ کیا تھا۔
اردو نیوز کو دستیاب اس خط میں سفارت خانے نے کہا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی جانب سے امارات کا سفر کرنے والوں کے لیے نئی ہدایات کے مطابق مسافروں کو یکم اگست 2021 سے وزارت خارجہ اور اماراتی سفارت خانے سے تصدیق شدہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا ہوگا۔‘
اماراتی سفارت خانے کے ترجمان نے اس خط کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ فیصلہ اماراتی حکومت نے کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے کیا ہے۔ جو پاکستانی شہری امارات کا سفر کرنا چاہتے ہیں وہ پہلے وزارت خارجہ کے قونصلر افیئرز سیکشن سے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق کروائیں گے۔ اس کے بعد انہیں ساشا یا اعتماد کے ذریعے سرٹیفکیٹ اماراتی سفارت خانے بھیجنا ہوگا اور سفارت خانہ اس کی تصدیق کرکے واپس بھیجے گا۔‘

عید کے بعد یعنی اگست میں پاکستان سے امارات جانے والوں پر پابندیوں کے خاتمے کا بھی امکان ہے ۔‘ فوٹو: ان سپلیش

دوسری جانب اماراتی سفارت خانے نے امید ظاہر کی ہے کہ عید کے بعد یعنی اگست میں پاکستان سے امارات جانے والوں پر پابندیوں کے خاتمے کا بھی امکان ہے اور تمام سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد فضائی سفر سے متعلق معمولات مکمل طور پر بحال ہونے کا امکان ہے۔ تصدیق شدہ ویکسینیشن کی شرط اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے تاکہ معمولات کو مکمل طور بحال کیا جا سکے۔

شیئر: