Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حماس اور اسرائیل دوسرے مرحلے کے لیے مذاکرات کا فوری آغاز کریں: قطری وزیراعظم

قطری وزیراعظم نے کہا کہ ثالث ممالک کے نمائندے فریقین سے بات چیت کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
قطر کے وزیراعظم نے اسرائیل اور حماس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کا آغاز کریں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی نے اتوار  کو یہ کہا ہے کہ ابھی تک مذاکرات شروع ہونے سے متعلق کوئی واضح منصوبہ نہیں ہے۔
قطری وزیراعظم نے دوحہ میں ترکیے کے وزیرخارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ’ہم (حماس اور اسرائیل سے) معاہدے کے مطابق مذاکرات کا آغاز کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
اسرائیل اور حماس کے درمیان ہونے والے معاہدے میں یہ طے پایا تھا کہ وہ جنگ بندی کے پہلے مرحلے کے 16 دن بعد بات چیت کے دوسرے دور کا آغاز کر دیں گے اور پیر کو معاہدے کو 16 دن مکمل ہو جائیں گے۔
طویل جنگ کے بعد گزشتہ ماہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے بعد لڑائی روک دی گئی تھی۔
حماس نے اس کے بعد اسرائیل کے 18 یرغمال افراد کو رہا کیا جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں میں قید سینکڑوں فلسطینیوں کو چھوڑا گیا تھا۔
تاہم ابھی تک 70 اسرائیلی یرغمال افراد حماس کے پاس ہیں۔
مذاکرات کے دوسرے مرحلے میں توقع کی جا رہی ہے کہ مکمل جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فورسز کے انخلا کے ساتھ ساتھ تمام یرغمال اسرائیلی افراد بھی رہا کر دیے جائیں گے۔
قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ ’ابھی تک کچھ واضح نہیں کہ مذاکرات کب اور کہاں شروع ہوں گے۔‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ثالث ممالک کے نمائندے فریقین سے بات چیت کر رہے ہیں جبکہ قطر نے دوسرے مرحلے کے مذاکرات کا ایجنڈا بھی طے کر لیا ہے۔
’ہم پرامید ہیں کہ چند دنوں میں ہم اس حوالے سے سرگرمی دیکھیں گے۔ بہت ضروری ہے کہ ہم ابھی سے کام شروع کریں تاکہ 42ویں دن سے قبل ہم کسی معاہدے تک پہنچ جائیں۔‘

شیئر: