کشمیر الیکشن، پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پروازیں، کوہستان دھماکے سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان سے اہم خبریں
کشمیر الیکشن، پاکستانیوں کی واپسی کے لیے پروازیں، کوہستان دھماکے سمیت گذشتہ ہفتے پاکستان سے اہم خبریں
ہفتہ 17 جولائی 2021 0:14
پاکستان میں گذشتہ چند ہفتے افغان سرحدی گزرگاہ باب دوستی اور افغان شہر سپن بولدک پر طالبان کے قبضے کے دعوے کی خبریں شہ سرخیوں میں رہیں، اس کے علاوہ کوہستان میں چینی انجنیئرز کو لے جانے والی پر حملہ، بیرون ملک سے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے پروازوں اور پیٹرول کی قیمت میں اضافے کی خبریں بھی اہم رہیں۔ گذشتہ ہفتے کی چند اہم خبروں پر ایک نظر:
کُرم میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، پانچ مغوی مزدور بازیاب
پاکستان کے قبائلی علاقے کُرم ایجنسی میں اغوا شدہ مزدوروں ک بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن کے دوران فوج کے کیپٹن سمیت ایک سپاہی ہلاکت ہوئی ہے۔
مظفرآباد: علی امین گنڈا پور کے قافلے پر پتھراؤ، گارڈ کی جوابی فائرنگ
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے کھن بندوے میں جمعرات کی شام تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈاپور کے قافلے پر نامعلوم افراد نے پتھراؤ کیا اور ان کے قافلے کو روک دیا۔ علی امین گنڈا پور کے گارڈز نے جواب میں ہوائی فائرنگ کی۔
بیرون ملک سے روزانہ 3 ہزار اضافی مسافروں کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ
پاکستان میں کورونا کی صورت حال سے نمٹنے اور پالیسی مرتب کرنے کے لیے قائم نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے بین الاقوامی فضائی آپریشن کو 50 فیصد تک بڑھانے کی اجازت دے دی ہے۔
روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقم کی پاکستان منتقلی پر فیس وصولی شروع
سٹیٹ بینک کی جانب سے بینکوں کو 25 ہزار سے زائد رقم کی ڈیجیٹل منتقلی پر فیس وصول کرنے کی اجازت کے بعد بینکوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے بھی روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سے رقم کی پاکستان منتقلی پر فیس وصولی شروع کر دی ہے۔
اسلام آباد میں کنوؤں کی کھدائی پر کئی گھر سیل، کیا تیل نکل آیا؟
اسسٹنٹ کمشنر پوٹھوہار عبداللہ خان کی سربراہی میں انتظامیہ کی ٹیم نے جمعرات کو کاروائی کر کے ایسے تمام ’کنوئیں‘ سیل کر دیے اور 2500 لیٹرز کی کئی ٹینکیاں ضبط کر لیں۔
امارات کا فیصلہ واپس: ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق لازمی نہیں
اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے نے پاکستانیوں کے لیے امارات کے سفر کے لیے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی دفتر خارجہ و سفارتخانے سے لازمی تصدیق کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
حکومت کی ’میری گاڑی سکیم‘ ماضی کی سکیموں سے ’مختلف‘ کیسے؟
تحریک انصاف کی حکومت نے کم آمدن اور متوسط طبقے کے افراد کو گاڑی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے نئی آٹو پالیسی کے علاوہ ‘میری گاڑی سکیم‘ متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
’پاکستان کو ایسٹرازینیکا اور فائزر ویکسین کی 13 لاکھ خوراکیں ملیں گی‘
آئندہ ہفتے پاکستان کو کورونا ویکسین ایسٹرازینیکا کی ایک نئی کھیپ مل جائے گی جبکہ آئندہ ہفتے ہی پاکستان کی طرف سے خریدی گئی فائزر ویکسین کی ایک لاکھ خوراکیں بھی ملنے کی توقع ہے۔
پاکستان کوہستان بس دھماکے کی مکمل تحقیقات کرے: چین
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہستان کے علاقے برسین میں حکام کے مطابق بس کے ’حادثے‘ میں چینی شہریوں سمیت 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں جبکہ چین نے کہا ہے کہ بس میں ہونے والے دھماکے کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔
عید پر سعودی عرب سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی، ’حکومت جہاز بھجوائے گی‘
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عید پر سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے 85 پاکستانی قیدی رہا کیے جا رہے ہیں، جن کو لانے کے لیے حکومت جہاز بھجوائے گی۔
’پاکستان اور افغان طالبان کے رابطے‘ کے بعد سرحدی راہداری کھل گئی
پاکستانی حکام کے مطابق افغان طالبان کے ساتھ رابطے کے بعد پاک افغان چمن سرحد ایک دن بعد پیدل آمدروفت کے لیے بحال کردی گئی تاہم تجارتی سرگرمیاں بدستور معطل ہیں۔