ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب، 7 کروڑ جاپانیوں کے براہ راست دیکھنے کا ریکارڈ
ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب، 7 کروڑ جاپانیوں کے براہ راست دیکھنے کا ریکارڈ
پیر 26 جولائی 2021 7:47
اولمپک براڈکاسٹنگ سروسز کا کہنا ہے کہ اولمپکس کی افتتاحی تقریب گذشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ دیکھی گئی تقریب تھی (فوٹو: اے ایف پی)
اولمپک براڈکاسٹنگ سروسز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر زیانس ایگزرکوس نے دعویٰ کیا ہے کہ ٹوکیو گیمز کی افتتاحی تقریب کو جاپان میں 7 کروڑ افراد نے براہ راست دیکھا اور یہ گذشتہ 10 سال میں سب سے زیادہ دیکھی گئی تقریب تھی۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے جاپان کی نیوز ایجنسی کیوڈو نیوز کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ٹیلی ویژن دیکھنے والے 56 فیصد افراد اور کانٹو ریجن میں اولمپک کی افتتاحی تقریب براہ راست جاپان براڈکاسٹنگ کارپوریشن این ایچ کے پر دیکھی گئی۔‘
دوسری جانب منتظمین نیپارتک نامی سمندری طوفان پر نظر رکھے ہوئے ہیں جو کہ جاپان کے مشرقی ساحل کی طرف بڑھ رہا ہے، اس طوفان کی وجہ سے مقابلوں کے شیڈول میں پہلے ہی کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
جاپان میں اگرچہ کورونا وائرس سے دنیا کے دیگر ممالک کی نسبت زیادہ متاثر نہیں ہوا مگر میزبان شہر ٹوکیو میں حالیہ ہفتوں میں کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
کئی جاپانی شہریوں کو یہ تشویش ہے کہ کھلاڑیوں اور حکام کی آمد کی وجہ سے وبا زور پکڑ سکتی ہے اور گلوبل مارکیٹنگ ریسرچ ایجنسی نکی سروے کی رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ 31 فیصد افراد کا یہ کہنا ہے کہ وبا کے پیش نظر جس طرح گذشتہ سال اولمپک مقابلوں کو ملتوی کیا گیا تھا، دوبارہ بھی کینسل یا ملتوی کر دینا چاہیے۔
56 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ جاپان کے اولمپک میں شرکت کے لیے آنے والے کھلاڑیوں اور حکام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات ’نامناسب‘ تھے۔
وبا سے بچاؤ اور روک تھام کے لیے قرنطینہ کے سخت قوانین لاگو کیے گئے تھے لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں اور دیگر افراد میں اس وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔
اولمپک مقابلوں کے منتظمین کے مطابق پیر کو کورونا وائرس کے 16 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد یکم جولائی سے اب تک ان کیسز کی تعداد 148 ہو گئی ہے۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ جاپان کے جزیرے ہونشو کی طرف بڑھتے ہوئے سمندری طوفان کی وجہ سے مزید کسی بھی مقابلے کو ’ری شیڈول‘ کرنے کا فی الحال کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ٹوکیو 2020 کے ترجمان ماساٹاکایا نے پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس وقت منگل کو منعقد ہونے والے کسی دوسرے مقابلے کو ملتوی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔‘