تیونس میں امن و استحکام اور خوشحالی چاہتے ہیں: شہزادہ فیصل بن فرحان
تیونس کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفون پر صورتحال سے آگاہ کیا ہے(فائل فوٹو روئٹرز)
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے پیر کو تیونس کے وزیر خارجہ نے ٹیلیفون پر رابطہ قائم کرکے ملک کی تازہ صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور تیونس کے وزیر خارجہ عثمان الجرندی نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں انہیں مضبوط بنانے کی حکمت عملی کا جائزہ لیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر اطمینان دلایا کہ ’سعودی عرب کو برادر ملک تیونس کا امن و استحکام اور اس کی خوشحالی بے حد عزیز ہے۔ سعودی عرب اس حوالے سے تیونس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا‘۔
یاد رہے کہ تیونس میں صدر کی جانب سے وزیراعظم کو برطرف کرنے اور پارلیمان کو معطل کیے جانے کے اعلان کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق تیونس کے صدر کی جانب سے یہ اعلان ملک میں معاشی مسائل اور وبائی صورتحال کی وجہ سے ہونے والے متشدد احتجاج کے بعد کیا گیا ۔