امارات سے پاکستان جانے والی پروازوں کا سلسلہ کورونا وائرس کی وجہ سے مہینوں تک متاثر رہا ہے، جبکہ پابندی کی تاریخوں میں بھی کئی بار توسیع کی گئی ہے۔
ایئرلائن کی جانب سے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یو اے ای حکومت کی ہدایات کے مطابق انڈیا، بنگلہ دیش، پاکستان اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں کے لیے پابندی 7 اگست 2021 تک بڑھا دی گئی ہے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’ایسے مسافر جنہوں نے 14 روز کے دوران پاکستان، انڈیا، بنگلہ دیش اور سری لنکا کا سفر کیا ہو، وہ یو اے ای کے کسی بھی علاقے کا سفر نہیں کر سکیں گے۔‘
ایئرلائن نے یہ وضاحت بھی کی ہے کہ ’یو اے ای کے باشندے، گولڈن ویزہ رکھنے والے اور سفارت کار، جو کورونا کے پروٹوکول کے معیار پر پورے اترتے ہوں، وہ ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔‘
اس کی جانب سے مسافروں کو یہ ہدایت بھی کی گئی ہے کہ اگر ان کی پرواز منسوخ ہو گئی ہے یا پھر کورونا کی وجہ سے عائد کی جانے والی پابندیوں کی زد میں آگئی ہے تو انہیں دوبارہ سے بکنگ کے لیے جلدی فون کرنے کی ضرورت نہیں۔
ایئرلائن کے مطابق ’آپ اپنے ٹکٹس سنبھال کر رکھیں اور جب پروازیں بحال ہو جائیں گی تو رابطہ کریں۔‘
خیال رہے کہ سنیچر کو ایمریٹس ایئرلائن کی جانب سے ان ممالک کے لیے پروازوں کی پابندی 28 جولائی تک بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کی تاریخ میں جمعرات کو 7 اگست تک توسیع کردی گئی ہے۔