Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیپلز پارٹی، ن لیگ کے گھروں میں مزاحمت اور مفاہمت کی لڑائی ہے‘

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ’شہباز شریف کی کوشش ہے کہ نواز شریف کو الیکشن کے دنوں میں جیل نہ جانا پڑے۔‘ (فائل فوٹو: عوامی مسلم لیگ فیس بک)
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے گھروں میں مزاحمت اور مفاہمت کی لڑائیاں جاری ہیں۔
بدھ کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف نے مفاہمت کی طرف بڑھنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی اور ن لیگ جو بڑے چیختے اور چلاتے تھے اپنی اصل جگہ پہ آ گئے ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سیاست میں ایک نئی علاقائی سیاست آنے والی ہے۔
اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ’تمہاری سوچ سے بڑی سیاست پاکستان میں ہونے جارہی ہے جوکہ عمران خان کھیلے گا اور کرے گا۔‘
مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے بارے میں کیے جانے والے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف کو عدالت کی جانب سے جو وقت دیا گیا اس میں انہوں نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست نہیں دی۔‘
’شہباز شریف وہی سٹریٹیجی بنا رہے ہیں جو انہوں نے نواز شریف کو سعودی عرب سے لانے کے لیے بنائی۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’شہباز شریف کی کوشش ہے کہ نواز شریف کو الیکشن کے دنوں میں جیل نہ جانا پڑے۔‘
بدعنوانی کے بارے میں بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پر ادارے سے ’گند کو پاک کردیں گے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’کرپشن کیسز کے فیصلے دو سال میں ہو جائیں گے۔‘

شیئر: