Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر کراچی تعیناتی دراصل ان کا اپنا امتحان ہے‘

پی ٹی آئی کے مطابق ’سندھ میں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو محکموں میں تعینات کیا جارہا ہے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر پیپلز پارٹی)
حکومت سندھ کی جانب سے وزیراعلیٰ کے مشیر مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر صارفین کا ردعمل دیکھنے میں آرہا ہے۔
صارفین کی جانب سے مرتضیٰ وہاب کی تعیناتی پر مبارک باد دی گئی تو کچھ سندھ حکومت کے اس فیصلے سے ناخوش نظر آئے۔
پاکستان تحریک انصاف کراچی کے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا گیا ہے کہ ’مرتضیٰ وہاب کی بطور ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ سندھ میں سیاسی بنیادوں پر لوگوں کو محکموں میں تعینات کیا جارہا ہے۔‘
صحافی فیضان لکھانی لکھتے ہیں کہ ’مرتضیٰ وہاب کو ایڈمنسٹریٹر کراچی تعینات کر دیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں اس پوسٹ کے لیے بہترین شخص ہیں۔‘
صحافی کامران خان اس موضوع پر بات کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھتے ہیں کہ ’مجھے خوشی ہے بلاول بھٹو نے کراچی کی ذمہ داریاں نئے ایڈمنسٹریٹر کی حیثیت سے مرتضی وہاب کو سونپ دیں۔ بلاول بھٹو اور مرتضی وہاب دونوں کراچی کے پیدائشی بیٹے ہیں۔ مرتضی تن من دھن لگا دیں۔ سندھ حکومت بلاول کی سرپرستی میں کراچی کے زخم دھودیں۔ کراچی آپ کا ہوا پی ٹی آئی نے کراچی سے وفا نہیں کی۔
مرتضیٰ وہاب کے کی بطور کراچی ایڈمنسٹریٹر تعیناتی کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صارف ناصر بیگ چغتائی لکھتے ہیں کہ ’ بطور ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب کا تقرر دراصل مرتضی کا اپنا امتحان ہے۔ ان کو اندازہ ہے کہ کراچی کتنا زخمی ہے۔ کتنا مشکل ہے۔ کسی خوف اور سیاسی منافقوں کے بغیر اور پروپیگنڈہ کو خاطر میں لائے بغیر مرتضی وہاب نے کام کیا تو ان میں بہترین ایڈمنسٹریٹر بننے کی صلاحیت ہے۔

شیئر: