مملکت پرحوثیوں کے حملے ناقابل قبول ہیں، عرب ممالک کی مذمت
عالمی برادری حوثیوں کے حملوں پرفوری اور ٹھوس اقدامات کرے(فوٹو، ٹوئٹر)
اردن ، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب پرڈرون کے ذریعے حملے کی کوشش کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے مملکت کے امن و سلامتی کےلیے خطرہ قرار دیاہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق بحرینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’حوثیوں کی جانب سے مملکت پرحملے ناقابل قبول ہیں ، بحرین ہمیشہ سے سعودی عرب کے ساتھ ہے اور اس سلسلے میں ہراس اقدام کی حمایت کرتا ہے جو مملکت اپنی سلامتی اورامن کےلیے کرتا ہے‘۔
دوسری جانب اردن کی وزارت خارجہ نے بھی حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کو مسلسل نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی اقدامات کی حمایت کا یقین دلایا ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ کی جانب سے بھی حوثیوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی قراردیاگیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی برادری کو چاہئے کہ وہ حوثیوں کے ان دہشتگردانہ کارروائیوں کے خلاف فوری اورٹھوس اقدامات کریں جن سے مملکت کے امن و سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
واضح رہے جمعرات کی شب یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عر ب کے شہر خمیس مشیط کو دھماکہ خیز مواد سے لیس ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی جسے اتحادی فورسز کی ایئرکمان نے بروقت ناکام بناتے ہوئے دھماکہ خیز ڈرون ہدف پرپہنچنے سے قبل ہی تباہ کردیے۔