Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’حوثیوں کے حملوں کے خلاف بین الاقوامی برادری فیصلہ کن موقف اختیار کرے‘

عرب ممالک نے حوثیوں کے مسلسل حملوں کی مذمت کی ہے۔ ( فوٹو ٹوئٹر)
خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے سیکریٹری جنرل نایف الحجرف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے ڈرون حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حوثیوں کی طرف سے بار بار دہشتگردانہ حملوں کی کوششیں ظاہر کررہی ہیں کہ وہ عالمی برادری کو کھلا چیلنج دے رہے ہیں اور تمام عالمی قوانین اور روایات کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ 
نایف الحجرف نے کہا کہ حوثیوں کے جارحانہ حملوں کے خلاف بین الاقوامی برادری کو فوری اور فیصلہ کن موقف اختیار کرنا ہوگا تاکہ سول تنصیبات اور اہم اداروں پر حوثیوں کے حملے  بند کرائے جاسکیں۔ 
انہوں نے کہا کہ جی سی سی ممالک امن و سلامتی کے دفاع کے حوالے سے سعودی عرب جو اقدامات کرے گا وہ اس کے ساتھ ہوں گے۔ 
مصر نے سعودی عرب پر حوثیوں کے بارودی ڈرونز حملوں پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مصر ان گھٹیا دہشتگردانہ مسلسل حملوں کی پوری قوت سے مذمت کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ یہ علاقائی امن واستحکام کے لیے خطرہ ہیں۔
حوثی یہ حملے کرکے بین الاقوامی و انسانی قانون کے  ضوابط کی دھجیاں بکھیر رہے ہیں۔ 
مصر نے کہا کہ وہ جارحانہ حملوں کے خلاف سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی عرب اپنے امن، خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے  جو اقدام کرے گا مصر اس کے ساتھ ہوگا۔ 
اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔

 او آئی سی نے بھی حوثیوں کے دہشتگردانہ حملوں کی سخت مذمت کی ہے۔(فوٹو العربیہ)

سیکریٹری جنرل نے کہا کہ سعودی عرب حوثیوں کے ان جارحانہ حملوں سے بچاؤ کے لیے جو اقدامات کرے گا او آئی سی میں شامل ممالک اس کے ساتھ ہوں گے۔
انہوں نے توجہ دلائی کہ حوثی سعودی عرب کی سول تنصیبات اور شہریوں کو نشانہ بناکر بین الاقوامی معاہدوں اور قوانین کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔ 
اردنی وزارت خارجہ نے بھی سعودی عرب کی آبادی پر حوثیوں کے مسلسل حملوں کی مذمت کی ہے۔ 
اردنی دفتر خارجہ کے ترجمان ضیف اللہ فایز نے کہا کہ حوثی دہشتگردوں کے مسلسل بزدلانہ حملوں کے  حوالے سے اردن کا موقف غیرمتزلزل ہے۔ اردن ان کی مذمت کرتا ہے اور سعودی عرب کے ساتھ  کھڑا ہے۔
اردن کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب اور اردن کا امن اٹوٹ اکائی ہے۔ سعودی عرب کے امن و امان پر کوئی بھی حملہ اردن کے امن و استحکا م پر حملہ ہے۔ 

شیئر: