سعودی عرب کے سکولوں میں طلبہ کے لیے اب موسیقی کی تعلیم
’تمام کتابوں میں عصری تعلیم کو شامل کیا گیا ہے جن میں فنی تعلیم کی کتابیں بھی شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی عرب میں وزارت تعلیم میں نصابوں کا جائزہ لینے والی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر سامی الشویرخ نے کہا ہے کہ نصابوں کی تمام کتابوں کا از سرنو جائزہ لیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ’فنی تعلیم کے نصاب کو جدید انداز میں ڈھالا گیا ہے جس میں موسیقی بھی شامل ہے۔‘
’تمام سکولوں میں پڑھی جانے والی کتابوں میں عصری تعلیم کو شامل کیا گیا ہے جن میں فنی تعلیم کی کتابیں بھی شامل ہیں۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’وقت کی ضرورتوں کے تحت سکولوں میں فنی تعلیم کو بھی جدید انداز میں ڈھالا گیا ہے۔‘
انہوں نے کہا ہے کہ ’سائنس اور ریاضی کی کتابوں میں بہتری لائی گئی ہے جبکہ اسلامک سٹڈی کی کتابوں کو ایک کتاب میں ضم کیا گیا ہے۔‘
دوسری طرف نصاب کی نگران کمیٹی نے کہا ہے کہ ’نئے تعلیمی سال کے لیے تمام سکولوں میں نیا نصاب ارسال کیا گیا ہے۔‘
’وزارت نے اب تک 70 ملین کتابیں مختلف سکولوں میں تقسیم کی ہیں جو نئے تعلیمی سال کے تینوں سمسٹر کے لیے کافی ہیں۔‘