مکہ میں ہاؤس آئسولیشن کی خلاف ورزی پر 71 گرفتار
قرنطینہ کی خلاف ورزی پر جرمانہ یا قید کی سزا دی جاتی ہے(فوٹو عاجل)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہاؤس آئسولیشن اور ہوٹل قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 71 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
بعض افراد کورونا وائرس میں مبتلا پائے گئے تھے جنہیں آئسولیشن کے لیے کہا گیا جبکہ دیگر کو بیرون مملکت سے وطن پہنچنے پر ہوٹل قرنطینہ کی ہدایت کی گئی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر حراست میں لے کر ان کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
پولیس ترجمان نے یاد دہانی کرائی کہ ہاؤس آئسولیشن یا ہوٹل قرنطینہ کی خلاف ورزی پر دو لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا دو برس قید کی سزا دی جاتی ہے۔
دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاتی ہیں۔ خلاف ورزی دہرانے پر سزا دگنی کردی جاتی ہے۔
اگر خلاف ورزی کرنے والا غیرملکی ہو تو اسے سزا کاٹنے اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد مملکت سے بے دخل اور بلیک لسٹ کردیا جاتا ہے۔