جدہ میں سعودی، امریکی فوٹوگرافرز کی تصاویر کی نمائش
جدہ میں سعودی، امریکی فوٹوگرافرز کی تصاویر کی نمائش
ہفتہ 21 اگست 2021 11:42
نمائش میں 48 تصویریں رکھی گئی ہیں (فوٹو: عرب نیوز)
جدہ میں تصاویر کی مشترکہ بین الاقوامی نمائش کا آغاز ہو گیا ہے جس میں سعودی عرب اور امریکہ کے فوٹوگرافرز کے فن پارے رکھے گئے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی عریبین سوسائٹی فار کلچرز اینڈ آرٹس میں ہونے یہ نمائش امریکی قونصلر جنرل فارس وائے اسد کی سرپرستی میں منعقد کی گئی ہے۔
یہ نمائش فوٹوگرافی کے عالمی دن کے حوالے سے پروگرام کا حصہ ہے، جس میں 48 ایسی تصاویر رکھی گئی ہیں جن میں سعودی عرب اور امریکہ کی ثقافتی زندگی کو دکھایا گیا ہے۔
نمائش میں سعودی فوٹوگرافر عمر النہدی کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
تصاویر میں شکاگو تھیٹر، العلا کی مرایا بلڈنگ، سان فرانسسکو کے سنہری پل اور دوسرے اہم مقامات کی تصاویر شامل ہیں۔
سعودی عرب کے قومی دن اور یوم آزادی پر دونوں ملکوں میں ہونے والی سرگرمیاں بھی تصاویر میں دکھائی گئی ہیں۔
اس نمائش کے ذریعے سعودی عریبین سوسائٹی فار کلچر اینڈ آرٹس نے دونوں ممالک کے کلچر اور باہمی تعلق کو فروغ دیا ہے جو 70 سال تک کے عرصے پر پھیلا ہوا ہے۔
جدہ میں ایس ایس سی اے کے ڈائریکٹر محمد الصوبیج نمائش کے حوالے سے کہتے ہیں کہ دنیا بھر کی فوٹوگرافک ایسوسی ایشنز کے ساتھ رابطے اور اس ضمن میں ہونے والی نمائش مزید مکالمے اور فوٹوگرافی کے حوالے سے اپنے تجربات شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی کرتی ہے۔
الصوبیح نے زور دیتے ہوئے کہا کلچر اور آرٹس کے بین الاقوامی ایام منانے اور دوسروں کے ساتھ تبادلہ خیال سے مملکت کا پیغام دنیا بھر میں پہنچ رہا ہے۔
حال ہی میں عہدہ سنبھالنے والے امریکی قونصلر جنرل جنہوں نے مملکت میں پہلے پروگرام میں شرکت کی ہے، نے اسے دونوں ممالک کے درمیان ’عظیم دیرپا رشتہ‘ قرار دیا ہے۔
انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی ہے کہ ثقافت اور آرٹس کے میدانوں میں تعاون کو مزید بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا کہ ’یہ ایک بہترین مثال ہے کہ کس طرح آرٹ دو ممالک کے لوگوں کے درمیان پل کا کام کرتا ہے۔‘
ان کے بقول اس نمائش کی دلچسپ بات یہ ہے کہ اس میں بیک وقت مشابہت اور فرق دکھائے گئے ہیں۔
’یہ ایک حیران کن پروگرام ہے جس میں ہر تصویر ایک الگ ہی پیغام رکھتی ہے۔‘