Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ: ’افریقن نائٹ‘ میں ثقافتی تفریح اور یکجہتی کا منفرد جشن 

مہمانوں کا استقبال افریقی انداز سے ڈھول کی تھاپ سے کیا گیا۔ فوٹو عرب نیوز
جدہ کے یزن فارم ہاؤس میں وائب اسکیپ اور سائٹ اسکیپ کے اشتراک سے منعقد کی گئی ’افریقن نائٹ‘ نے ویک اینڈ کو رنگین اور پرجوش ثقافتی کلچر میں بدل دیا۔
عرب نیوز کے مطابق اس افریقن ایونٹ نے مختلف سرگرمیوں میں دلچسپ ثقافتی تقریب اور متعدد رنگا رنگ پروگراموں کے ذریعے ہر عمر کے شائقین کے لیے یادگار شام بنا دیا۔
وائب اسکیپ اور سائٹ اسکیپ آرگنائزیشن سعودی عرب کے تفریحی اور سیاحتی شعبوں کی ترقی  اور ثقافتی تبادلے کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
پروگرام  کے آغاز میں ثقافتی جوش و خروش کی عکاسی کرتے ہوئے مہمانوں کا استقبال افریقی انداز سے ڈھول کی تھاپ اور لائیو ڈی جے پرفارمنس کے ذریعے کیا گیا۔
تقریب میں اہم  پروگرام افریقی سٹیج شوز تھے جس میں روایتی موسیقی اور رقص کے ذریعے افریقی ورثے اور یکجہتی کی داستانیں پیش کی گئیں، ان شوز نے پورے ایونٹ میں جاندار ماحول پیدا کیا۔
روایتی موسیقی اور رقص کی آرگنائزر مروج غنیم نے بتایا ’ہم نے افریقی ثقافت کے رنگوں کو نہایت خوبصورتی سے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔‘ 
ہماری متعدد پرفارمنسز میں چھ افریقی گانوں جس میں معروف گانا ’واکا واکا‘ بھی شامل ہے پیش کرتے ہوئے جدید اور روایتی رقص کو شامل کیا تاکہ مہمان حقیقی افریقی جشن سے انجوائے کر سکیں۔
دیگر تقریبات میں خاندان بھر کے ہر عمر کے افراد کے لیے تفریح کے انوکھے مواقع موجود تھے جس میں دلکش سرگرمیاں شامل تھیں۔

افریقی گانوں کی پرفارمنس میں معروف گانا ’واکا واکا‘ بھی شامل ہے۔ فوٹو عرب نیوز

مہمانوں کے لئے ٹیلی سکوپ کے ذریعے رات کے وقت آسمان پر ستاروں کا مشاہدہ کرنا، رنگ پھینکنا اور کیمپ فائر میں بار بی کیو جیسے  پروگرام رکھے گئے۔
فارم ہاؤس کے علاقے میں شتر مرغ، ہرن، گھوڑے اور دیگر پالتو جانور بھی موجود تھے جنہیں دیکھ کر زائرین نے خوشی کا اظہار کیا اور مختلف مقامات پر فوٹوگرافی کی۔ 
تقریب میں آنے والے مہمانوں کے لیے براعظم افریقہ کے بھرپور روایتی ذائقوں اور مختلف قسم کے افریقی پکوانوں پر مشتمل بوفے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

مہمان ٹیلی سکوپ کے ذریعے آسمان پر ستاروں کا مشاہدہ کرتے رہے۔ فوٹو انسٹاگرام

تقریب میں شریک سوڈانی مہمان عفراء النعیم  جو اپنی فیملی کے ساتھ یہاں موجود تھیں انہوں نے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ’ افریقی شوز حیرت انگیز تھے، ہمیں یہاں اپنی ثقافت اور  ذائقوں کو خوبصورت انداز میں دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔
اس منفرد تقریب کے بارے میں سالم عبداللہ نے بتایا ’یہ ایونٹ سعودی عرب کی بدلتی ہوئی تفریحی صنعت کی عکاسی کرتا ہے۔ یہاں ہر لمحہ منفرد تھا، اس تقریب نے کمیونٹی کے جذبے کو مزید اجاگر کیا ہے۔ 
وائب اسکیپ اور سائٹ اسکیپ آرگنائزیشن کے بانی خالد ہاشم نے بتایا ’ سعودی وژن 2030 کے اہداف کی حمایت کرتے ہوئے ہم منفرد تجربات پیش کرنا چاہتے ہیں جو یہاں موجود مختلف کمیونٹیز کو آپس میں جوڑیں اور  رنگا رن ثقافتوں کی خوبصورتی کا جشن منائیں۔ 
افریقی نائٹ سعودی عرب کے تفریحی اور سیاحتی شعبے کو ترقی دینے میں اہم قدم ہے۔
 

شیئر: