ریاض: سینڈ اینڈ فن شو میں ہاٹ بیلون کی شاندار اڑان
ریاض: سینڈ اینڈ فن شو میں ہاٹ بیلون کی شاندار اڑان
پیر 25 نومبر 2024 17:00
شاندار ایروبیٹکس ڈسپل نے شہریوں کے خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ایوی ایشن کلب کے زیراہتمام ’سینڈ اینڈ فن شو 2024 ‘ گذشتہ روز سنیچر کو ریاض کے الثمامہ ائیرپورٹ پر ائیرشو اختتام پذیر ہوا جس میں مملکت کے شعبہ ہوا بازی کی نمائش بھی شامل تھی۔
عرب نیوز کے مطابق ایوی ایشن شو میں سعودی ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن سرفہرست تنظیموں میں شامل تھی، شاندار ایروبیٹکس ڈسپلے اور منفرد ماڈلز کے جہازوں کی متاثر کن پروازوں نے شہریوں کے حیرت زدہ کر دیا۔
سعودی ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن نے گرم ہوا کے غباروں کی اڑان کے بارے میں نئے آنے والے پائلٹوں میں شعور اجاگر کرنے کے لیے رنگین غباروں کو فضا میں بکھیر دیا۔
اس موقع پر سعودی ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن سے فارغ التحصیل پہلی سعودی ہاٹ ایئر بیلون پائلٹ عفرا الحربی بھی موجود تھیں۔
عفرا الحربی کا مشن ہے کہ وہ اس شعبے میں سعودی خواتین کی کمیونٹی تشکیل دیں اور خواتین کو گرم ہوا کے غبارے کی ولولہ انگیز دنیا میں بیلون پائلٹ کے طور پر آنے کے لیے حوصلہ افزائی کریں۔
پہلی خاتون بیلون پائلٹ کی کہانی ہوا بازی میں خواتین کے لیے دستیاب مواقع اور اس شعبے میں نمائندگی کی اہمیت کا ایک متاثر کن ثبوت ہے۔
عفرا الحربی نے بتایا ’ وہ یونیورسٹی سٹوڈنٹ تھیں جب سعودی ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن نے غبارے کے پائلٹوں کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیا اور شکر ہے کہ میری درخواست قبول کر لی گئی اور ادارے میں تربیتی پائلٹ کے طور پر نام رجسٹر ہو گیا۔
فیڈریشن نے میرے مشن کو آگے بڑھانے میں بھرپور ساتھ دیا، میں نے تربیت حاصل کرنے کے بعد جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سے سعودی لائسنس حاصل کیا اور یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی EASA سے لائسنس حاصل کیا۔
عفرا الحربی نے مزید بتایا سعودی ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن خواہشمند پائلٹس کو بنیادی تعلیم اورعملی مہارت دونوں میں شامل ہونے کے لیے منظم پروگرام پیش کرتی ہے۔
سینڈ اینڈ فن شو میں نہ صرف ائیر بیلون کی خوبصورتی کو اجاگر کیا گیا بلکہ فیڈریشن کے قیام کی بنیادی مقاصد سے بھی آگاہ کیاگیا۔
ہاٹ ایئر بیلون فیڈریشن غباروں کی ثقافت کو فروغ دینے اور کھیل کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
عفرا الحربی نے بتایا کہ اس موقع پر ہم زائرین کو یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ گرم ہوا کا غبارے کا سفر ایک کھیل اور تفریح کے ساتھ ساتھ بہت محفوظ سفر ہے۔
گرم ہوا کے غبارے پہلی بار مملکت کے سیاحتی علاقے العلا میں 2018 میں طنطورہ فیسٹیول کے ونٹر سیزن پروگرام میں نمائش کے طور پر پیش کئے گئے، ان غباروں نے فضا میں رنگ بکھیر دیئے۔
اس موقع پر موجود عبدالرحمن الوہیبی نے بتایا کہ میں نے گرم ہوا کے غبارے میں اپنا سفر آسٹریلیا سے کیا تھا جب میں وہاں تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اس کے بعد دنیا کے کئی ممالک میں گرم ہوا کے غبارے کا سفر کیا۔
عبدالرحمان نے بتایا ’میں نے جب زندگی میں پہلی بار بڑے غبارے کو اڑتے ہوئے دیکھا تو بہت متاثر ہوا اور اس میں ایک مسافر کے طور پر اڑنے کا تجربہ کرنے کا شوق پیدا ہوا اس وقت سعودی عرب میں ایسے غبارے نہیں تھے۔
ہاٹ ایئر بیلون کا کھیل دنیا بھر میں معروف ہے اور ہمیں ضرورت ہے اس کھیل کو مملکت میں روشناس کرایا جا سکے اور یہاں عالمی مقابلے منعقد ہوں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں