ڈائریکٹر سی آئی اے کی کابل میں عبدالغنی برادر سے ملاقات: امریکی عہدیدار
سی آئی اے ڈائریکٹر اور طالبان رہنما کی ملاقات میں ہونے والی بات چیت کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکی سی آئی اے کے ڈائریکٹر ولیم برنز نے کابل میں طالبان کے اہم سیاسی رہنما عبدالغنی برادر سے ملاقات کی ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق منگل کو ایک امریکی عہدیدار نے بتایا کہ پیر کو ولیم برنز نے عبدالغنی برادر سے ملاقات کے لیے کابل کا سفر کیا۔
اس ملاقات میں ہونے والی بات چیت کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
سی آئی اے کے ڈائریکٹر نے کابل کا دورہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب جی سیون گروپ کے رہنماؤں افغانستان کی صورتحال پر بحث کی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ نے طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد افغانستان کی صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے ساتھ ان کا سلوک ایک ’بنیادی ریڈلائن‘ ہو گا۔
منگل کو افغانستان کے بارے میں ایک ہنگامی اجلاس کے افتتاح کے موقع پر اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمیشن کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے طالبان پر زور دیا کہ وہ خواتین، لڑکیوں اور نسلی و مذہبی اقلیتوں کے حقوق کا احترام کرنے کے وعدوں کی پاسداری کریں اور انتقامی کارروائیوں سے گریز کریں۔
طالبان رہنماؤں نے سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کا وعدہ کر رکھا ہے تاہم بہت سے افغان شہری اس بارے میں تذبذب کا شکار ہیں اور ملک چھوڑنے کے لیے کابل ایئرپورٹ پر جمع ہیں جہاں افراتفری کے مناظر دیکھے گئے۔
ادھر برطانوی خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ایک یورپی سفارتکار نے کہا کہ جی سیون کے رہنما طالبان کو تسلیم کرنے کے حوالے سے مشورہ کریں گے۔
سفارت کار کا کہنا تھا کہ وہ مل کر کام جاری رکھنے سے متعلق بھی عہد کریں گے۔