Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اپنی زندگی میں خوشیاں کیسے واپس لائیں؟

ہمیں زندگی میں بہت سے مسائل اور پریشانیوں کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے میں بعض اوقات ہم مصروفیات کے ہجوم میں خوش رہنے کے آسان طریقوں کو بھلا دیتے ہیں۔
کچھ ایسی عادات ہیں جنہیں اپنا کر زندگی میں ضروری خوشیوں اور مزے کو بحال کیا جا سکتا ہے۔
سیدتی میگزین نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ زندگی مصروف ہو کر ابتری کا شکار لگنے لگے تو بھی ذرا سی کوشش کے ذریعے اس وقت بھی اپنی مسکراہٹ کو بحال رکھا جا سکتا ہے جب ارد گرد سب کچھ بکھرتا دکھائی دے رہا ہو۔

دوسروں کی مدد کریں

زندگی میں برے لمحات کسی کامیابی کے لیے معاون نہیں ہو سکتے۔ ایک سنہرا اصول ہے کہ کچھ لینے کے بجائے کسی کو کچھ دینے والے بنیں، آپ اس وقت تک حقیقی مزا نہیں پا سکتے جب تک کسی ضرورت مند کی مدد نہ کریں۔ مشکل کا شکار فرد کی مدد کرتے ہوئے آپ اپنے مسائل بھی بھول جاتے ہیں۔
ہو سکتا ہے کہ آپ کا دل ٹوٹا ہو، زندگی کچھ آسان نہ لگے لیکن کیا آپ کے پاس سر پر چھت، جسم پر لباس اور سفر کے لیے سواری موجود ہے؟ بہت سے ایسے لوگ ہیں جن کے پاس یہ سہولتیں نہیں ہوں گی، ایسے افراد کی مدد کرنا آپ کے لیے بھی مفید رہتا ہے۔

جو آپ کے پاس ہے اس پر شکرگزاری

کیا آپ شکرگزاری کا جذبہ رکھتے ہیں؟ اگر اس کا جواب ہاں میں ہے تو آپ بہت خوش قسمت ہیں، یہ وقت ہے کہ کروڑوں اور اربوں روپے کے مکان میں نہ رہنے اور قیمتی گاڑی نہ رکھ کر بھی خود کو میسر نعمتوں پر شکرگزاری کا اظہار کریں۔
اپنا سوچنے کا انداز تبدیل کرنا ہر چیز سے متعلق آپ کے زاویے کو بدل دیتا ہے۔ جب آپ شکرگزاری کا انداز اپناتے ہیں تو یہ آپ کے چہرے پر مسکراہٹ لا کر بہار کے رنگ بکھیر دیتا ہے۔ ہو سکتا ہے کہ دائیں بائیں کی صورتحال اصل سے زیادہ دشوار لگے لیکن شکرگزاری کی وجہ سے آپ بہت سے خوشیاں پا سکتے ہیں

ڈائری استعمال کریں

اگر آپ ڈائری نہیں رکھتے تو اب وقت ہے کہ یہ طریقہ اپنا لیں۔ الجھے بکھرے خیالات لکھنے کے بجائے کچھ ایسی چیزیں اس ڈائری کا حصہ بنائیں جنہیں آپ اپنی زندگی کا حصہ بنانا چاہتے ہوں۔
اگر آپ آئندہ پانچ برسوں میں خود کو نئی جاب یا نئے گھر میں دیکھنا چاہتے ہوں تو اپنے اور اپنی فیملی کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم اہداف ڈائری میں درج کریں۔

خود سے محبت

کیا آپ جانتے ہیں کہ خود سے محبت کرنا آپ کی مجموعی خوشی کے لیے لازم ہے۔ ماہرین نفسیات کے مطابق خوشگوار تعلق قائم رکھنے، دن بھر کی تھکن سے دور رہ کر کچھ وقت گزارنے اور خود کو ترجیح دینے سے مجموعی صحت کو بہتر رکھا جا سکتا ہے۔

ہر وقت اچھا رہنا لازم نہیں

آپ جانتے ہیں کہ ناکام ہونا اہم نہیں بلکہ وقتی ناکامی کے بعد پھر کھڑا ہونا اور سفر جاری رکھنا اہم ہوتا ہے۔
اگر آپ یہ جانتے ہیں کہ ہر وقت اچھا رہنا ہی لازم نہیں تو زندگی بدل سکتی ہے۔ چند ماہ میں آپ کے اردگرد کی پوری دنیا مختلف ہو سکتی ہے۔ عین ممکن ہے کہ آپ کو اس وقت آج سامنے آنے والے مسائل یاد ہی نہیں رہیں، کیونکہ انہیں گزرے بہت سا وقت ہو چکا ہو گا۔

مدد کے لیے کہنا سیکھیں

کیا آپ خود کو اس لیے مشکل میں ڈال رہے ہیں کہ آپ نہیں جانتے کہ کب کسی سے مدد مانگی جائے؟ اگر آپ ایسا کرتے ہیں تو آپ گھر یا دفتر میں خود کو تھکا لیں گے۔
پروفیشنل یا گھریلو زندگی میں سبھی کچھ خود کرنے اور ضرورت کے باوجود مدد نہ لینے کے چکر میں نہ صرف آپ خود مشکل کا شکار ہوں گے بلکہ خدشہ رہتا ہے کہ اس سے کام بھی خراب ہو جائے۔ گھر میں موجود کچرے باہر پہنچانے کا کام ٹالتے رہنے کے بجائے اہلیہ سے مدد لینا بہتر ہے تاکہ کچرا جمع ہو کر گندگی نہ بنے گی، نہ ہی بعد میں یہ خرابی صفائی پسند بیوی کے ساتھ بحث میں بدلے گی۔

اپنے لیے چھوٹے تحائف خریدیں

کبھی کبھار خود کو ذرا سا بگاڑ لینا بھی چل جاتا ہے۔ خود پر کچھ خرچ کریں، کسی وقت اپنے لیے کوئی چھوٹا سا تحفہ خرید لیں۔ یقینا آپ بھی جانتے ہوں گے کہ اپنے لیے نیا لباس لینا یا چھوٹا موٹا کچھ اور خرید لینا مورال بہتر کرنے کے لیے مفید ہے۔

سوشل میڈیا کو محدود کریں

ہو سکتا ہے کہ آپ سوچتے ہوں کہ دنیا سے اپنے رابطے کے ذریعے سوشل میڈیا کا استعمال محدود کرنا نامناسب ہو، لیکن لازم نہیں کہ ہر بار معاملہ یہی رہے۔ آپ لوگوں کو اچھی اچھی پوسٹس کرتے تو دیکھتے ہوں گے لیکن ان کے پس پردہ موجود پریشان کن مواد نظروں سے اوجھل رہتا ہو گا۔ سوشل میڈیا لوگوں کے لیے ایسا مقام بن چکا ہے جہاں وہ حقیقت کو چھپا کر پرفیکٹ دکھائی دیتے ہیں۔ اگر آپ اپنی خوشیوں سے مطمئن نہیں تو دوسروں کی یہ پرفیکٹ زندگیاں دیکھنا بھی فائدہ مند نہیں رہے گا۔ سوشل میڈیا پر وقت گزارنے سے بہتر ہے کہ ٹیڈ ٹاک اور دی موتھ جیسے پلیٹ فارمز کو دیکھیں۔

نہ کہنا سیکھیں

بہت سے لوگ نہ کہنے سے ڈرتے ہیں۔ ایک بالغ فرد کے طور پر آپ کو لازما سیکھنا چاہیے کہ کب کسی کو نہ کہی جائے۔
باس کو نہ کہنا ہو سکتا ہے اچھا نہ رہے، لیکن اگر آپ تھک چکے ہیں تو انہیں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں۔

کوئی مشغلہ رکھیں

مشاغل دوسروں سے رابطے میں رہنے اور کچھ مفید لمحے گزارنے کا اچھا ذریعہ ہیں۔ بہت سے ایسے کھیل ہیں جو آپ کو فٹنس کے ساتھ خوشیوں بھرے لمحات دے سکتے ہیں۔ اہم یہ ہے کہ باہر نکلیں اور کچھ خوشگوار لمحے گزاریں۔
یہ بات درست ہے کہ زندگی میں مشکلات سے پیچھا نہیں چھڑا سکتے۔ اگر آپ پینک یا دباؤ محسوس کرتے ہیں تو آپ جانتے ہوں گے کہ یہ کیفیت شام کے وقت زیادہ ہوتی ہے۔ ایسے میں رات گزارنا دشوار لگتا ہے لیکن اچھی بات یہ ہے کہ آنے والی صبح اطمینان کے لمحے ساتھ لاتی ہے۔
بہتر ہے کہ زندگی میں آ جانے والے رات کا وقت اس توقع پر گزار لیا جائے کہ صبح کا سورج بہتری لائے گا۔ زندگی ہمیشہ پرفیکٹ نہیں ہوتی، اسے ہمیشہ طوفانوں کا سامنا رہتا ہے۔ ایسے میں پریشان کن چیزوں کو  کم اہمیت دیں اور اردگرد موجود اچھی چیزوں کو فوکس کریں تو آپ کو زندگی کی دہلیز پر خوشیوں کی واضح دستک سنائی دینے لگے گی۔

شیئر: