جاپانی کمپنی کی سویاساس ’انڈیا کی کیچ اپ‘ بن جائے گی؟
جاپانی کمپنی کی سویاساس ’انڈیا کی کیچ اپ‘ بن جائے گی؟
اتوار 29 اگست 2021 12:16
انڈیا کے سٹریٹ فوڈ کلچر میں دوسرے ممالک کے ذائقوں کا ہلکا پھلکا استعمال عام ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
جاپانی کھانوں میں سویا ساس کا استعمال عام ہے لیکن جاپانی کمپنی کیکوماں چاہتی ہے کہ انڈین پکوانوں میں بھی یہ معمول کے طور پر استعمال ہو، اب چاہے وہ کوئی سالن ہو یا میٹھی ڈش۔
کیکوماں کے انڈین نمائندے ہیری کوساٹو نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو باتایا کہ ’جب ہم امریکہ (کی مارکیٹ) میں داخل ہوئے تو لوگوں کو (سویا ساس کے) گہرے رنگ کی وجہ سے لگا ہم کیڑے کا جوس بیچ رہے ہیں۔‘
تاہم آج کیکوماں کی سویا ساس امریکہ کے کئی گھروں میں پائی جاتی ہے اور کمپنی کے 4.4 ارب ڈالر کے منافعے کا نصف حصہ امریکہ سے آتا ہے۔
اب کیکوماں کی کوشش ہے کہ ایسی ہی کامیاب مارکیٹ انڈیا میں قائم کی جائے۔
1980 کی دہائی سے مغربی میں ممالک میں جاپانی کھانوں کی مقبولیت کی وجہ سے کمپنی کی سویا ساس کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے تاہم اب کمپنی کی کوشش ہے کہ انڈیا میں اس کی مارکیٹ اس طرح قائم کی جائے کہ انڈین پکوانوں میں اس کا استعمال ہو۔
’ہمارا مقصد یہ نہیں کہ سب سوُشی کھائیں بلکہ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ہویا ساس انڈیا کی کیچ اپ بن جائے۔‘
انڈیا کے سٹریٹ فوڈ کلچر میں دوسرے ممالک کے ذائقوں کا ہلکا پھلکا استعمال عام ہے۔ اس لیے ہیری کوساٹو چاہتے ہیں کہ سویا ساس بھی اسی طرح انڈین پکوان میں اپنی جگہ بنائے تاکہ ان کی کمپنی یہاں بھی مقبول ہو۔
مثال کے بور پر ممبئی میں ملنے والا بامبے سینڈوچ کچھ حد تک برطانوی طرز پر مشتمل ہے لیکن اس میں ابلے ہوئے آلوؤں، پیاز، ٹماٹر، چقندر، پودینے کی چٹنی اور سیو شامل کر کے اسے انڈین ذائقہ دیا جاتا ہے۔
تو ایسے میں یہ حیران کن بات نہیں ہے کہ کچھ انڈین کیکوماں کے انڈیا میں اپنا سویا ساس لانچ کرنے سے پہلے ہی کھانوں میں سویا ساس کا استعمال کر رہے ہیں۔
ممبئی میں ایک ریستوران چلانے والے پر اشانت اسار نے چھ سال قبل بریانی میں سویا ساس کا استعمال کیا تھا اور اس کے بعد سے سموسوں اور دنبے کے قیمے میں بھی اسے شامل کرنا شروع کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ قیمہ پاؤ میں سویا ساس کے استعمال سے اس کا ذائقہ دوبالا ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا انفلواینسر شالینی کپور نے جلیبی میں سویا ساس کا استعمال کیا ہے۔
ان کا ماننا ہے کہ انڈیا میں لوگوں کو ایک بار سویا ساس کا ذائقہ پتہ لگ جائے تو وہ اس کا زیادہ استعمال کریں گے۔