دومۃ الجندل میلے میں کھجوروں کی 65 قسموں کی نمائش
’دومۃ الجندل کھجور اور شہد میلہ 30 ستمبر تک جاری رہے گا‘ ( فوٹو: واس)
الجوف ریجن کی کمشنری دومۃ الجندل میں منعقد کھجور اور شہد میلے میں مقامی شہریوں سمیت غیر ملکیوں کی بڑی تعداد دلچسپی لے رہی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق میلے میں 65 سے زیادہ قسم کی کھجوروں کی نمائش کی گئی ہے۔
دومۃ الجندل میں سب سے نمایاں کھجور حلوۃ الجوف، الحسینیہ، البویضا، الفقہ، الکسب اور الخضری کے علاوہ دیگر کھجوریں شامل ہیں۔
میلے میں آنے والے افراد کی اکثریت جہاں مختلف قسم کی کھجوریں خریدتے ہیں وہاں حلوۃ الجوف کھجور بھی ضرور اپنے ساتھ لے جاتے ہیں۔
دوسری طرف دومۃ الجندل میونسپلٹی نے کہا ہے کہ ’میلے میں رکھی جانے والی تمام کھجور معیار کے مطابق ہیں‘۔
’میونسپلٹی کے ماہرین فروخت کے لیے لائی جانے والی تمام کھجوروں کا پہلے معائنہ کرتے ہیں پھر اسے فروخت کرنے کی اجازت دیتے ہیں‘۔
’میلے کا مقصد الجوف اور خاص طور پر دومۃ الجندل کی کھجور کے علاوہ شہد اور دیگر پیداوار سے متعارف کروانا ہے‘۔
’میلے میں لگائی گئے سٹالز میں تمام تاجر بہترین کھجوروں کے ساتھ نہایت کم قیمت میں فروخت کر رہے ہیں‘۔
واضح رہے کہ دومۃ الجندل کھجور اور شہد میلہ 30 ستمبر تک جاری رہے گا۔