سعودی عرب میں کروز پر پہلا لیڈیز نیٹ بال ٹورنامنٹ
کھیلوں کی وزارت اور سعودی اولمپک کمیٹی نے سرپرستی کی- (فوٹو العربیہ)
سعودی عرب میں کروز پر پہلے لیڈیز نیٹ بال ٹورنامنٹ کا انعقاد سعودی سپورٹس آرگنائزیشن اور سعودی محکمہ سیاحت کے تعاون سے ہوا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ٹورنامنٹ ایم ایس سی کمپنی کے کروز پر منعقد ہوا- یہ جدہ اسلامی بندرگاہ سے منفرد کروز ٹورز پر بحیرہ احمر کے مختلف سیاحتی مقامات کے لیے سفر کرتا ہے۔
نیٹ بال سعودی سپورٹس آرگنائزیشن اور اولمپک کمیٹی کے 16 کھیلوں میں سے ایک ہے۔ سعودی اولمپک کمیٹی نے مئی 2021 میں ان کھیلوں کا اعلان کیا تھا۔
نیٹ بال 80 سے زیادہ ممالک میں 20 ملین سے زیادہ خواتین کھیلتی ہیں۔
نیٹ بال لیڈیز کی دو ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے۔ 13 سے 23 سال تک کی 16 کھلاڑی لڑکیاں اس کا حصہ ہوتی ہیں۔ نیٹ بال کی ٹریننگ ریاض شہر کی سپورٹس گولڈ اکیڈمی میں دی جارہی تھی۔
نیٹ بال ٹورنامنٹ اور مستقبل کے مقابلوں کے ذریعے سعودی معاشرے میں اس دلچسپ اور خوبصورت کھیل کو متعارف کرا یا جا رہا ہے۔
نیٹ بال کی مجلس انتظامیہ کی چیئرپرسن شہزادی غادۃ بنت عبداللہ آل سعود کا کہنا ہے کہ نیٹ بال سعودی سکولوں کے لیے مثالی کھیل ہے۔ یہ ہمارے یہاں مختلف عمر کی لڑکیوں اور خواتین کے لیے موزوں ہے۔
سعودی نیٹ بال نئے تعلیمی سال 22-2021 کے دوران 3600 طالبات کو اس کھیل کی ٹریننگ دے گا۔
سعودی سپورٹس آرگنائزیشن کے چیئرمین شہزادہ خالد بن الولید بن طلال نے کہا کہ ہم اس قسم کے کھیلوں کی سرپرستی کرکے معاشرے میں ورزش کا معیار بلند کرنا چاہتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں