Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین میں بچوں کے آن لائن گیمز کھیلنے پر نئی پانبدیاں عائد

ٹینسنٹ کی آن لائن ملٹی پلیئر گیم ’آنر آف کنگز‘ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
چین میں حکام نے بچوں کے آن لائن گیمز کھیلنے کے اوقات مقرر کر دیے ہیں جس کے تحت ہفتے میں صرف تین گھنٹے مختص ہوں گے۔
خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق چین میں نگران ادارے کی جانب سے گیم انڈسٹری پر اب تک کی سب سے سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
چین کی نیشنل پریس اینڈ پبلیکیشن ایڈمنسٹریشن کے ایک نوٹس کے مطابق بچے جمعہ، سنیچر اور اتوار کی شام آٹھ سے نو بجے تک ایک گھنٹہ آن لائن گیمز کھیل سکیں گے۔
اس پابندی کا اطلاق یکم ستمبر سے کیا جا رہا ہے۔
قبل ازیں چین میں 2019 میں بچوں کو روزانہ ڈیڑھ گھنٹے جب کہ عام تعطیل کے دن تین گھنٹے آن لائن گیمز کھیلنے کی اجازت دی گئی تھی۔
نئے قواعد سے چین کی دو بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں ٹینسنٹ اور نیٹ ایز متاثر ہوں گی۔
ٹینسنٹ کی آن لائن ملٹی پلیئر گیم ’آنر آف کنگز‘ دنیا بھر میں بہت زیادہ مقبول ہے۔
چین کے نگران ادارے کی جانب سے آن لائن گیمز کے لیے نئے قواعد کے اعلان کے بعد ٹینسنٹ کمپنی کے شیئرز کی قیمت سٹاک مارکیٹ میں گر گئے۔
ٹینسنٹ کمپنی کی کُل مالیت رواں سال فروری میں 573 ارب ڈالر تھی جو حالیہ عرصے میں گری ہے۔
نیو یارک سٹاک ایکسچینج میں رجسٹرڈ چین کی دوسری بڑی گیمز ٹیکنالوجی کمپنی نیٹ ایز کے حصص میں نو فیصد کی کمی دیکھی گئی ہے۔
چین میں آن لائن گیمنگ پر نئی پابندیاں ٹیکنالوجی کمپنیوں کے خلاف اس کارروائی کا حصہ ہیں جس کے تحت حکام کو خدشہ ہے کہ ہر جگہ سے میسجنگ، ادائیگی اور گیمنگ سروس کے معاشرے پر غیر معمولی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

شیئر: