مسجد نبوی میں حفاظتی تدابیر کے ساتھ دروس کی اجازت
’مسجد نبوی میں دروس کی بحالی مرحلہ وار ہوگی جس میں تمام حفاظتی تدابیر پر عمل کیا جائے گا‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
حرمین انتظامیہ نے حفاظتی تدابیر کے ساتھ مسجد نبوی میں دروس منعقد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مسجد نبوی میں دروس کا آغاز انتظامیہ کے سربراہ شیخ عبد الرحمن السدیس کے درس سے ہوگا جس کا انعقاد آج بدھ کو ہوگا۔
دوسری طرف مسجد نبوی میں ہدایات اور رہنمائی کمیٹی کے سربراہ شیخ عبداللہ بن خطاب نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے دروس کا سلسلہ معطل ہے‘۔
’اس عرصے کے دوران مسجد نبوی کے مشائخ آن لائن دروس دیتے رہے ہیں جن سے پوری دنیا کے مسلمان مستفید ہوتے رہے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مسجد نبوی میں دروس کی بحالی مرحلہ وار ہوگی جس میں تمام حفاظتی تدابیر پر معمول کے مطابق عمل کیا جائے گا‘۔
’دروس میں شریک ہونے والے طالب علموں کی تعداد کی حد مقرر ہوگی۔ تمام افراد کے درمیان سماجی فاصلہ اور ماسک وغیرہ کی پابندی ضروری ہوگی‘۔