ابہا ایئر پورٹ پر حملہ، سعودی عرب کا سلامتی کونسل کو مکتوب
مملکت پرمسلسل حملے عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب نے سلامتی کونسل کو اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ’عالمی قوانین کی پابندی کرتے ہوئے اپنے ملک، عوام اور یہاں رہنے والے غیر ملکیوں کی سلامتی و حفاظت کو ہرطرح سے یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اقوام متحدہ میں سعودی عرب کے مستقل مندوب عبداللہ یحیی المعلمی نے ایران نواز دہشتگرد حوثی باغیوں کی جانب سے ابھا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کونشانہ بنانے کی کارروائی کے بعد سلامتی کو نسل کوخصوصی مکتوب ارسال کیا ہے۔
مکتوب میں انہوں نے کہا کہ ’ایران نواز حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پرمسلسل حملے کرنا عالمی قوانین کی اور سلامتی کونسل کی قرارداد کی صریح خلاف ورزی ہے‘۔
المعلمی نے اپنے مکتوب میں مزید کہا ’31 اگست 2021 کو ابھا شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو دھماکہ خیز ڈرون سے نشانہ بنانے کی کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں ایک نجی کمپنی کے 8 غیر ملکی کارکن زخمی ہوئے جن میں سے بعض کی حالت نازک ہے‘۔
انہوں نے حوثیوں کی دہشتگردانہ کارروائیوں کے حوالے سے کہا ’اس قسم کے حملوں کا مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو تباہ کرنا اور معصوم لوگوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالنا ہے جو جنگی جرائم میں شامل ہیں جس پرحوثی باغیوں کا عالمی انسانی قانون کے تحت سخت محاسبہ کیا جانا چاہئے‘۔
انہو ں نے مزید کہا ’حوثیوں کی جانب سے اس قسم کی دہشتگردانہ کارروائیوں سے علاقے اور خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں جس کے سبب سیاسی حل کی راہ دشوار ہو جاتی ہے‘۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس مکتوب کو سلامتی کونسل کی سرکاری دستاویز کے طورپر تسلیم کیاجائے۔