کورونا کا گراف مسلسل گر رہا ہے: وزارت صحت
تمام لوگ کورونا ایس او پیز کی پابندی کا اہتمام کرتے رہیں(فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ ’کورونا وبا کے مصدقہ کیسز میں مسلسل کمی واقع ہورہی ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ اہم یہ ہے کہ تمام لوگ کورونا ایس او پیز کی پابندی اور ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے کا اہتمام کرتے رہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ڈاکٹر العبد العالی نے اتوار کو نئے کورونا وائرس کی تازہ صورتحال پر پریس کانفرنس میں انہوں کہا کہ’ نئے سائنٹفیک جائزوں سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے سے طویل مدت تک کورونا وائرس سے تحفظ مل جاتا ہے‘۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ترجمان نے کہا کہ ’مملکت بھر میں کورونا کا گراف مسلسل گر رہا ہے‘۔
’طبی جائزوں سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے چار ہفتے بعد وائرس میں مبتلا ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ’ دو خوراکوں سے وائرس کے شدید اثر سے اعلی درجے کا تحفظ مل جاتا ہے۔ اگر ویکسین کی دو خوراکوں کے بعد وائرس لگتا ہے تو ایسی صورت میں ہسپتال جانے یا انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔ اس سے موت بھی نہیں ہوتی۔ طویل مدت تک کورونا وائرس سے بڑی حد تک تحفظ مل جاتا ہے‘۔
العبد العالی نے کہا کہ’ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے صحت یابی کے بعد طویل مدت تک بعض صحت مسائل سے دوچار رہتے ہیں‘۔