Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی ایکسپو 2020، آسٹریلوی اداکار کرس ہیمزورتھ ایمریٹس کی مہم کا حصہ

ایکسپو 2020 میں شرکت کرنے کے لیے ایمریٹس سیاحوں کو اعزازی پاسز کی پیشکش کر رہی ہے (فوٹو: گلف نیوز)
متحدہ عرب امارات میں آنے والے ایکسپو 2020 کے دوران سیاحت کو فروغ دینے کے لیے ایمریٹس نے آسٹریلوی اداکار کرس ہیمزورتھ کو اپنی نئی عالمی مہم کا حصہ بنا لیا ہے۔
عرب نیوز ڈیڑھ منٹ کی ویڈیو مہم جسے دو بار آسکر ایوارڈ جیتنے والے ہدایتکار روبرٹ سٹرومبرگ نے ڈائریکٹ کیا ہے ایکسپو  2020 کے انعقاد سے 30 دن پہلے سامنے آئی ہے۔
اس ویڈیو میں اداکار کرس ہیمزورتھ کہتے ہیں کہ ’آپ مستقبل دیکھنا چاہتے ہیں تو آئیے۔ یہ دبئی ہے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا شو ہے۔‘
اس کے ساتھ ہی جین وائلڈر کے ساؤنڈ ٹریک ’پیور امیجینیشن‘ کی دھن آرکیسٹرا پر بجتی سنائی دیتی ہے جسے کورس میں بچے گا رہے ہیں۔
یہ مہم ٹیکنالوجی، جدت اور تخلیق کے موضوع پر مبنی ہے، اس ویڈیو کو 2019 میں فلمایا گیا تھا اور چونکہ ابھی ایکسپو 2020 کا انعقاد ہونا ہے اس لیے اس میں بے شمار سی جی آئی اینیمیشنز کا استعمال کیا گیا ہے تاکہ بتایا جا سکے کہ یہ تقریب کیسی ہوگی۔
ایک پریس ریلیز میں ہمزورتھ نے بتایا کہ ’2019 میں میں نے ایمریٹس اور ایکسپو 2020 کے ساتھ کام کیا تاکہ یہ آگاہی دے سکوں کہ دنیا کے لیے یہ تقریب کتنی اہم ہے۔ ہم سب کے پاس یہ طاقت ہے کہ بہتر مستقبل بنا سکیں اور گذشتہ سال نے ہمیں یہ دکھایا ہے کہ جب ہم ایک ساتھ کام کرتے ہیں تو ممکنات کا سلسلہ لامتناہی ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ایکسپو 2020 دبئی سے دنیا شراکت کے احساس کے ساتھ ایک دوسرے سے جڑ جائے گی تاکہ حقیقی زندگی کے بارے میں وہ حل فراہم کیے جا سکیں جن سے مستقبل کی نسل کو فائدہ پہنچے گا۔ اگر آپ سفر کر سکتے ہیں اور آپ محفوظ محسوس کرتے ہیں تو میں امید کرتا ہوں کہ آپ ایسا کر سکتے ہیں۔‘
ایمریٹس ان سیاحوں کو ایکسپو 2020 میں شرکت کرنے کے لیےاعزازی پاسز کی پیشکش کر رہی ہے جو دبئی سے کسی بھی وقت یکم اکتوبر سے 31 مارچ 2021 تک سفر کر رہے ہیں۔

شیئر: