امارات میں پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 952 نئے مریض
ویکسین کی ایک کروڑ 85 لاکھ خوراکیں دی جاچکی ہیں(فائل فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں کورونا کے کیسز مسلسل ایک ہزار سے کم سامنے آرہے ہیں۔ منگل7 ستمبر کو پچھلے چوبیس گھنٹے میں 952 نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
وائرس کے مجموعی متاثرین کی تعداد بڑھ کر7 لاکھ 25 ہزار 192 ہوگئی ہے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام نے وزارت صحت کے حوالے سے بتایا کہ’ پچھلے چوبیس گھنٹے میں جدید تشخیصی آلات کی مدد سے کورونا کے مزید 3 لاکھ 14 ہزار 683 ٹیسٹ کیے گئے ہیں‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’ پچھلے چوبیس گھنٹے کے دوران کے زیرعلاج مریضوں میں سے مزید 2 مریض چل بسے، مرنے والوں کی تعداد دو ہزار 50 ہوگئی‘۔
بیان کے مطابق ’متاثرہ مریضوں میں سے مزید 1269 مکمل صحتیاب ہوگئے۔ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 7 لاکھ 15 ہزار 104 ہوگئی‘۔
وزارت نےعوام کو احتیاطی تدابیر اور سماجی فاصلے کی پابندی جاری رکھنے کی پھر ہدایت کی ہے۔
علاوہ ازیں وزارت صحت کے اعلان کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹے میں کورونا ویکسین کی مزید ایک لاکھ 2 ہزار 868 خوراکیں لگائی گئی ہیں۔ اب تک ویکسین کی ایک کروڑ 85 لاکھ 58 ہزار 216 خوراکیں دی جاچکی ہیں۔