Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان نے افغانستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر حامد شنواری کو برطرف کر دیا

طالبان نے افغانستان کے کرکٹ بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حامد شنواری کو برطرف کر دیا ہے اور نصیب اللہ حقانی کو بورڈ کا نیا ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق افغانستان کے کرکٹ بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر حامد شنواری نے پیر کو اپنے آفیشل فیس بک پیج پر پوسٹ کیا کہ انہیں طالبان کے نئے وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چھوٹے بھائی انس حقانی نے نوکری سے نکال دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں اپنی برطرفی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن بتایا گیا کہ ان کی جگہ نصیب اللہ حقانی کو لیا جائے گا۔
افغانستان کرکٹ بورڈ کے آفیشل فیس بک پیج نے بھی نصیب اللہ حقانی کو نیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر بنانے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا افغانستان کرکٹ بورڈ کے نئے سربراہ امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کو مطلوب سراج الدین حقانی کے رشتہ دار ہیں یا نہیں۔
خیال رہے کہ طالبان کی جانب سے خواتین کے کھیلوں پر پابندی بین الاقوامی سطح پر ردعمل کا باعث بنی ہے اور گزشتہ ہفتے افغانستان کی خواتین فٹبالرز اپنے خاندانوں سمیت پاکستان پہنچی ہیں۔
علاوہ ازیں آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے گزشتہ ہفتے افغانستان میں خواتین کے کھیلوں پر پابندی کے خلاف افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے ساتھ میچ منسوخ کر دیا تھا۔

شیئر: