Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اگلا الیکشن حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر جیتیں گے: عمران خان

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اگلا الیکشن حکومت کی کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی اور اتحادی حکومت مزید مضبوط ہو کر آگے آئے گی۔
بدھ کو اسلام آباد میں وزرا کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’حکومت کے آخری دو سال ہمارے لیے بہت اہم ہیں۔‘
عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ان کی حکومت ہے اور اگلے انتخابات میں اصل معرکہ پنجاب میں ہی ہوگا۔
وزیراعظم نے کا کہنا تھا کہ ’ہمارے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم تمام مافیا کے خلاف کھڑے ہیں جو اس ملک میں تبدیلی نہیں چاہتے۔ اب اس سے زیادہ کیا چیز ہو سکتی ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ای وی ایم مشین سے ہمیں کیا فائدہ ہے؟ آج تک ہر الیکشن متنازع ہوتا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سینیٹ کا الیکشن جہاں 1500 ووٹ ہوتے ہیں وہ بھی متنازع ہو جاتا ہے۔ ’لیکن حکومت میں آںے والوں نے آج تک یہ نہیں بتایا کہ اس کو ہم نے کیسے ٹھیک کرنا ہے۔ کیا ہم نے اسی طرح چلنا ہے؟‘
عمران خان نے کہا کہ یہاں ہر الیکشن کے بعد جو بھی ہارتا ہے وہ کہتا ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، اب ہم ایک سسٹم لا رہے ہیں جو یقینی طور پر پاکستان کے الیکشن کے حوالے سے جتنے بھی مسئلے ہیں ان کو حل کر دے گا۔
وزیراعظم کے مطابق ’وہ لوگ جو اس کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں وہ اس کی مخالفت کر رہے ہیں۔ یہی ہمارے سب سے بڑے دشمن ہیں۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’حکومت میں ہم نے پہلے سال سروائیو کیا، دوسرے سال ہم نے چیلنجز کا سامنا کیا کہ ایک طرف معیشت سنبھالنی تھی اور دوسری طرف کورونا آ گیا تھا۔ ہم بہت مشکل وقت سے گزر کر یہاں آئے ہیں۔ اب اگر ہم محنت کریں تو وہاں پہنچ جائیں گے کہ جب ایم این اے کو اپنے حلقے سے جیتنے کے لیے ترقیاتی فنڈز مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے سب وزرا کو مشکل وقت میں دیکھا ہوا ہے اور ایک کپتان کے لیے یہ ضروری ہوتا ہے وہ ٹیم کی کارکردگی دیکھے۔ مشکل وقت آپ کو سکھاتا ہے، جتنا گزشتہ تین برس میں سیکھا اتنا اپنی پوری زندگی میں نہیں سیکھا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگلے الیکشن کے بعد ’ہماری اتحادی حکومت مزید مضبوط ہو کر آگے آئے گی۔‘

شیئر: