جلال آباد: حفاظتی چوکی پر حملے میں دو طالبان سکیورٹی گارڈز ہلاک
افغانستان کے مشرقی شہر جلال آباد میں حفاظتی چوکی پر حملے میں ایک شہری اور دو طالبان ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق رکشے میں سوار مسلح افراد نے حفاظتی چوکی پر حملے میں دو طالبان سکیورٹی گارڈز کو ہلاک کر دیا، جبکہ قریب کھڑے ایک شہری کی بھی موت واقع ہوئی ہے۔
طالبان حکام نے حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’ہلاک ہونے والے تمام افراد عام شہری ہیں۔‘
خیال رہے کہ گذشتہ چار سال سے صوبہ ننگرہار داعش خراسان کا گڑھ ہے۔
جلال آباد میں پیش آنے والے ایک اور واقعے میں دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنانے کے دوران دو طالبان جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔
جلال آباد میں دو روز قبل ہونے والے حملوں کی ذمہ داری بھی داعش قبول کر چکی ہے جس میں کم سے کم دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔
امریکی افواج کا 30 اگست کو انخلا مکمل ہونے کے بعد افغانستان میں داعش کی جانب سے یہ پہلا شدید حملہ تھا۔
انخلا کے مرحلے کے دوران کابل ایئر پورٹ پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی داعش خراسان نے ہی قبول کی تھی جس میں ایک سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔