’پیسہ بولتا ہے‘: آسٹریلوی کھلاڑی کا تبصرہ
جمعرات 23 ستمبر 2021 15:47
پاکستان نژاد آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کی ٹیم کے پاس پاکستان کھلینے نہ جانے کی کوئی وجہ نہیں کیونکہ وہ کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک محفوظ جگہ ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کھلاڑیوں اور آرگنائزیشنز کے لیے پاکستان کو نہ کہنا بہت آسان ہے، کیونکہ وہ پاکستان ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کے معاملے پر بھی کھیلنے سے انکار کیا جاسکتا ہے۔
’لیکن کوئی بھی انڈیا میں کھیلنے سے منع نہیں کرے گا اگر انڈیا کو ایسی ہی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کو پتہ ہے کہ پیسہ بولتا ہے۔ ‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے وقت کے ساتھ ٹورنامنٹس کا انعقاد کرواکر یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کرکٹ کے لیے ایک محفوظ ملک ہے۔
’میرا خیال ہے کہ کوئی ایسی وجہ نہیں جس کو بنیاد بنا کر ہم وہاں نہ جائیں۔‘
عثمان خواجہ کا بیان ایک ایسے وقت سامنے آیا ہے جب نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں سکیورٹی وجوہات کو جواز بناکر اپنے دورے منسوخ کرچکی ہیں۔
آسٹریلیا کو اگلے سال فروری اور مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے لیکن اس سیریز کی تاریخیں مقرر ہونا ابھی باقی ہے۔
عثمان خواجہ کہنا تھا کہ ان کے گہرے دوست اور آسٹریلوی آلراؤنڈر بین کٹنگ حالیہ سالوں کے دوران کئی بار پاکستان جاچکے ہیں اور انہوں نے خود کو پاکستان میں بہت محفوظ محسوس کیا۔
’وہاں بہت سکیورٹی ہے۔ میں نے سنا ہے کہ لوگ وہاں خود کو محفوظ محسوس کرتے ہیں۔‘