عرب اتحاد نے ابہا پر حملہ ناکام بنادیا، ڈرون تباہ
یوم الوطنی پر پانچ ڈرون حملے ناکام بنائے گئے تھے(فائل فوٹو ایس پی اے)
عرب اتحاد نے جمعے کو ابہا پر حوثیوں کا ایک اور حملہ ناکام بنایا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجسنی ایس پی اے کے مطابق سعودی ایئر ڈیفنس نے بارودی ڈرون راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
’حوثی ملیشیا نے شہریوں اور سول تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون حملے دانستہ بڑھا دیے ہیں‘۔
بیان میں کہا گیا کہ ’شہریوں کو نشانہ بنانے کی کوششیں جنگی جرائم ہیں اور ان کا احتساب ضروری ہے‘۔
یاد رہے گز شتہ روز یوم الوطنی پر حوثیوں کے پانچ ڈرون حملے ناکام بنائے گئے تھے۔ بدھ کو خمیس مشیط پر ڈرون حملوں کی تین کوششوں کو ناکام بنایا گیا۔
علاوہ ازیں اسلامی تعاون تنظیم ’او آئی سی‘ نے ابہا پر بارود بردار ڈرون سے حملے کی کوشش پر حوثی دہشت گردوں کی سخت مذمت کی ہے۔
او آئی سی کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نے اپنے بیان میں سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اطمینان دلایا کہ سعودی عرب اپنی سرحدوں، اپنے شہریوں اور اپنے یہاں مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے جو اقدامات بھی کرے گا اس کی تائید و حمایت کریں گے۔